اسلام آباد۔27نومبر (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز کے بزنس انکیوبیشن سینٹر اور شعبہ اکاؤنٹنگ اینڈ فنانس کے اشتراک سے نمل سٹارٹ اپ آئیڈیا کنٹیسٹ 2026 کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبہ نے اختراعی کاروباری خیالات پیش کرتے ہوئے اپنی تخلیقی اور کاروباری صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
نمل یونیورسٹی سے جاری پریس ریلیز کے مطابق مقابلے میں 135 ٹیموں نے حصہ لیا جن میں سے 35 ٹیموں کو حتمی مرحلے کے لئے شارٹ لسٹ کیا گیاجبکہ فائنل پچنگ راؤنڈ میں 27 ٹیموں نے بینکنگ، صنعت، کاروبار، کاروباری قیادت اور انٹرپرینیورشپ سے وابستہ ماہرین پر مشتمل جیوری کے سامنے اپنے کاروباری منصوبے پیش کئے۔
اس موقع پر طلبہ نے اپنے تخلیقی خیالات، مسائل کے حل کی صلاحیت، کاروباری سوچ اور منصوبوں کی عملی افادیت اجاگر کی۔ صنعتی و کاروباری ماہرین نے طلبہ کو قیمتی تجاویز، تعمیری آراء اور پیشہ وارانہ رہنمائی بھی فراہم کی۔ مقابلے میں ٹیم کِکس نے پہلی، ٹیم ریپ سائٹ نے دوسری جبکہ ٹیم پلانٹ کیئر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
کامیاب ٹیموں کو معیاری اور اختراعی کاروباری خیالات اور مؤثر پیشکشوں پر سراہا گیا۔ تقریب میں نمل کے ریکٹر میجر جنرل (ر)شاہد محمود کیانی نے خصوصی شرکت کی۔ ان کی شرکت اور حوصلہ افزائی سے طلبہ میں جدت، تخلیقی صلاحیتوں اور کاروباری سوچ کے فروغ کے لئے یونیورسٹی کے عزم کو مزید تقویت ملی۔اس موقع پر جیوری ارکان نے طلبہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں کاروباری منصوبوں کو مزید بہتر بنانے کے لئے مفید تجاویز اور رہنمائی فراہم کی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



