اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):لوک ورثہ میں جاری لوک میلہ کے دوسرے روز ہفتہ کو شہریوں، سیاحوں اور ثقافت سے دلچسپی رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی جس سے لوک ورثہ کے احاطے میں غیرمعمولی گہما گہمی اور جشن کا سماں دیکھنے میں آیا۔ہفتہ کو لوک ورثہ ترجمان کے مطابق میلہ کے دوسرے روز پہلے دن کی نسبت زیادہ گہما گہمی دیکھنے کو ملی۔ شام کوعوام کا رش دیدنی تھا۔اوپن ائیرتھیٹر میں کشمیری میوزیکل نائٹ نے محفل کو چار چاند لگادئے۔کشمیری گلوکاروں نے انتہائی عمدہ پرفارمنس سے شائقین کو بے حد محظوظ کیا۔دن بھر مختلف گلوکار اوپن ائیر تھیٹر میں پرفارم کرتے رھے۔
ادھر پویلینز میں روایتی کھانوں کے سٹالز پہ بھی بہت رش دیکھنے کو ملا۔انتظامیہ نے اس مرتبہ شائقین میلہ کو بہت زیادہ سہولیات فراہم کی ہیں۔میلہ دیکھنے والوں کے لئے پریڈ گراونڈ میں پارکنگ ایریا قائم کیا گیا ہے جہاں سے خصوصی شٹل سروس کا آغاز کیا گیا ہے۔شٹل سروس ہر پانچ منٹ پر دستیاب ہوتی ہے۔اس کاوش کے باعث میلے کے گیٹ اور لوک ورثہ کی حدود میں نظم و ضبط مثالی ہے۔ مرکزی گیٹ پہ رش نہیں ہے۔اور سیکیورٹی کے انتظامات بھی بہت اچھے ہیں۔اس کے علاوہ فنکاروں کی پرفارمنس اور دستکاروں کی مصنوعات بھی بہت اعلیٰ ہیں۔میلے میں تمام طبقہ فکر کے افراد کی دلچسپی کا سامان موجود ہے۔
یہاں بوڑھے،جوان،بچے ،خواتین سب محظوظ ہورھے ہیں۔روایتی موسیقی کا تڑکہ اور رقاص کا رقص میلے کا لطف دوبالا کردیتے ہیں۔میلے میں موجود روایتی لباس میں ملبوس رقاصوں کی ٹولیاں جگہ جگہ اپنے اپنے علاقے کے ثقافتی رنگ بکھیر رھی ہیں۔ایسا محسوس ہوتا ہے کہ لوک ورثہ کے اندر پاکستان کی ثقافت کے تمام رنگ ایک جگہ جمع کردئے گئے ہیں۔ملک کے مختلف صوبوں اور علاقوں سے آئے ہوئے ثقافتی وفود، ہنرمندوں، دستکاروں اور فنکاروں نے اپنے اپنے خطوں کی منفرد ثقافت، روایات، دستکاریوں، روایتی ملبوسات، موسیقی اور علاقائی کھانوں کو خوبصورت انداز میں پیش کررھے ہیں۔ مختلف صوبوں اور خطوں کے ثقافتی پویلینز شرکاء کی خصوصی توجہ کا مرکز بنے رہے، جہاں لوگوں نے نہ صرف روایتی فنون اور دستکاریوں میں دلچسپی لی بلکہ علاقائی ثقافت اور تہذیب سے متعلق معلومات بھی حاصل کیں۔
میلے کے دوسرے روز فیملیز، بچوں، نوجوانوں اور بزرگوں سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ثقافتی پویلینز کا دورہ کیا، دستکاریوں اور روایتی اشیاء کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کی اور علاقائی موسیقی و ثقافتی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہوئے۔لوک ورثہ میلہ ملک کے مختلف حصوں کی ثقافتی شناخت، روایات اور علاقائی تنوع کو اجاگر کرنے کا ایک اہم ذریعہ ہے، جہاں ایک ہی مقام پر پاکستان کے مختلف صوبوں، علاقوں اور برادریوں کے ثقافتی رنگ دیکھنے کو ملتے ہیں۔واضح رہے کہ دس روزہ لوک ورثہ 6 دسمبر تک جاری رہے گا، جس میں ملک بھر سے آئے ہوئے ثقافتی وفود، فنکار، دستکار اور ہنرمند اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کررھے ہیں۔ میلے کا مقصد پاکستان کے ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانا، علاقائی فنون و روایات کو فروغ دینا اور نئی نسل کو اپنی تہذیبی و ثقافتی شناخت سے روشناس کرانا ہے۔
میلے کے شرکاء نے شاندار میلے کے انعقاد پر وفاقی حکومت ،وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مرتبہ میلے کے انتظامات انتہائی تسلی بخش ہیں۔اور وہ میلے کو بے حد انجوائے کررھے ہیں۔میلے میں غیرملکی سیاحوں کی بڑی تعداد بھی موجود ہے جبکہ اورسیز پاکستانی بھی خاص طور پر میلے میں شرکت کے لئے آئے ہیں۔میلہ دس دن جاری رھے گا۔میلے میں پنجاب لوک موسیقاروں اور رقاصوں کی ٹولیاں خاص توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں جبکہ خیبر پختونخوا پویلینز میں کھانوں کے سٹالز پر بے انتہاء رش دیکھنے کو ملاشائقین میلہ کا کہنا تھا کہ کھانے کے سٹالز پر بیٹھنے کی جگہ کم ہے اسے بڑھایا جائے،کیونکہ فیملیز کو انتظار کرنا پڑتا ہے۔
اسی طرح بلوچستان سجی کے سٹالز پہ بھہ رش دیکھنے کو ملا۔ پنجاب کی روایتی مکئی کی روٹی اور ساگ سے بھی لوگ لطف اندوز ہوتے رھے۔شہریوں نے میلے کو بہت شاندار تفریحی پروگرام قرار دیتے ہوئے لوک ورثہ انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔میلے میں موجود ڈاکٹر عرفان کا کہنا تھا کہ اس مرتبہ میلے کے انتظامات پہلے کی نسبت بہت اچھے ہیں۔اور وہ فیملی اور بچوں کے ساتھ خوب محظوظ ہورھے ہیں۔
پروفیسر خالدہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے آج دن بھر یہاں میلہ میں گزارا اور خوب انجوائے کیا۔یہ ایک بہترین تفریح ہے۔انہوں نے بہت عرصہ کے بعد پنجاب پویلین میں چرخہ پہ کام کرتے لوگوں کو دیکھا جو انہیں بہت اچھا لگا۔قائداعظم یونیورسٹی کے طالب علم علی خان کا کہنا تھا کہ میلہ میں ان کے لئے سب سے دلچسپ ایونٹ روایتی موسیقی ہے۔جس سے وہ محظوظ ہورھے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ میلہ سال میں دو مرتبہ منعقد کیا جانا چاھیے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



