اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):ضابطہ دیوانی کے آرڈر 17 رول 3 کے تحت اگر کوئی فریق بار بار مواقع ملنے کے باوجود اپنی شہادت پیش کرنے میں ناکام رہے تو عدالت مقدمے کا فوری فیصلہ کر سکتی ہے، عدالتیں گواہوں یا شہادت کے انتظار میں غیر معینہ مدت تک مقدمات زیر التوا نہیں رکھ سکتیں، غیر ضروری التوا سے عدالتی وقت ضائع کرنے والے فریق کو اپنی غفلت کا ذمہ دار خود ہونا چاہیے۔ سپریم کورٹ آف پاکستان نے قرار دیا ہے کہ مقدمات میں تاخیر کی ذمہ داری صرف عدلیہ پر عائد نہیں کی جا سکتی بلکہ فریقین اور ان کے وکلا بھی غیر ضروری التوا اور شہادت پیش نہ کرنے کے باعث تاخیر کے ذمہ دار ہیں۔
جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل دو رکنی بینچ نے محمد اقبال سلیمی کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر سول درخواست مسترد کرتے ہوئے اپیل کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ درخواست گزار کو شہادت پیش کرنے کے متعدد مواقع دیے گئے اور ہر مرتبہ آخری موقع دینے کی تنبیہ بھی کی گئی، اس کے باوجود وہ شہادت پیش کرنے میں ناکام رہا۔ درخواست گزار کے وکیل بھی شہادت پیش نہ کرنے کی کوئی معقول وجہ بیان نہیں کر سکے۔سپریم کورٹ نے درخواست گزار کے اس مؤقف کو بھی مسترد کیا کہ 2 اپریل 2016 کو وہ شہادت ریکارڈ کرانے کے لیے موجود تھا لیکن پریذائیڈنگ افسر کی رخصت کے باعث شہادت ریکارڈ نہ ہو سکی۔
عدالتی ریکارڈ کے مطابق اس روز صرف فریقین کے وکلا کی حاضری درج تھی۔فیصلے میں کہا گیا کہ عدالتوں میں مقدمات کے بھاری بوجھ کے پیش نظر نچلی سطح تک مؤثر کیس مینجمنٹ نظام متعارف کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ عدالتیں مقدمات کا فیصلہ معقول مدت میں کرنے کی پابند ہیں اور فریقین یا ان کے وکلا کو محض غیر ضروری التوا کے ذریعے عدالتی وقت ضائع کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ وکیل کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے مؤکل کی شہادت بروقت پیش کرانے، گواہوں کی حاضری یقینی بنانے اور ضروری دستاویزات عدالت میں جمع کرانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔ وکیل کی پیشہ ورانہ غفلت یا بدعنوانی کے باعث مؤکل کو نقصان پہنچنے کی صورت میں حالات کے مطابق قانونی پریکٹیشنرز اینڈ بار کونسلز ایکٹ 1973 کے تحت تادیبی کارروائی بھی ہو سکتی ہے۔
عدالت نے واضح کیا کہ محض دعویٰ یا تحریری جواب میں حقائق بیان کرنا کافی نہیں بلکہ انہیں قابل قبول شہادت کے ذریعے ثابت کرنا ضروری ہے۔ شہادت ہی مقدمے کی بنیاد ہے اور عدالتیں اسی کی روشنی میں فریقین کے متضاد مؤقف کا جائزہ لے کر فیصلہ کرتی ہیں۔فیصلے میں مزید کہا گیا کہ مقدمات میں تاخیر کے بعض اسباب عدالتی نظام سے بھی متعلق ہیں، جن میں بلاجواز التوا، گواہوں کی موجودگی کے باوجود شہادت ریکارڈ نہ کرنا اور عبوری درخواستوں کو غیر ضروری طور پر زیر التوا رکھنا شامل ہیں۔
اسی طرح وکلا کی جانب سے غیر ضروری التوا اور فریقین کی عدم دلچسپی بھی مقدمات کے فیصلوں میں تاخیر کا سبب بنتی ہے۔سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ فریق مقدمے کی کارروائی میں مستعدی کا مظاہرہ کرنے، عدالتی احکامات کی پابندی کرنے اور مقررہ تاریخ پر شہادت پیش کرنے کا خود ذمہ دار ہے۔ لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے میں کوئی غیر قانونی یا بے ضابطگی نہیں پائی گئی، لہٰذا سول درخواست خارج کرتے ہوئے اپیل کی اجازت دینے سے انکار کیا جاتا ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



