کراچی۔ 28 نومبر (اے پی پی):دی سٹیزنز فاؤنڈیشن (ٹی سی ایف) نے سالانہ ٹیچرز ایوارڈز 2026 کی تقریب میں 5ہزار 500 اساتذہ اور پرنسپلز کو ان کی خدمات کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا، جو ملک کے پسماندہ اور محروم علاقوں میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق کراچی کے بحریہ آڈیٹوریم میں منعقد ہونے والی یہ تقریب ملک بھر میں گزشتہ چھ ہفتوں کے دوران منعقد کی جانے والی 29 ایوارڈ تقریبات کی آخری تقریب تھی۔
اس موقع پر ٹی سی ایف کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ضیاء اختر عباس اور ادارے کی سینئر قیادت نے اساتذہ اور پرنسپلز میں ایوارڈز تقسیم کیے۔ٹی سی ایف کے مطابق ادارے کے 2,342 اسکول یونٹس میں تقریباً 17,500 خواتین اساتذہ اور پرنسپلز خدمات انجام دے رہی ہیں، جن کے ذریعے روزانہ 343,000 سے زائد طلبہ کو تعلیم فراہم کی جا رہی ہے۔ ان میں ٹی سی ایف کے 700 سے زائد سابق طلبہ بھی شامل ہیں، جو تعلیم مکمل کرنے کے بعد اپنے ہی ادارے میں بطور استاد خدمات انجام دے رہے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضیاء اختر عباس نے کہا کہ اساتذہ ٹی سی ایف کی کامیابی میں بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اساتذہ صرف تعلیم فراہم نہیں کرتے بلکہ طلبہ میں اخلاقی اقدار کو فروغ دینے اور انہیں ذمہ دار شہری بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔تقریب میں آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے بھی شرکت کی اور اساتذہ کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے تدریس کو معاشرے کے انتہائی قابلِ احترام پیشوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اساتذہ نئی نسل کی کردار سازی اور ان میں اخلاقی اقدار کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ٹی سی ایف کے مطابق ادارہ اپنے اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے مسلسل سرمایہ کاری کر رہا ہے۔
اس سلسلے میں کلاس روم مینجمنٹ، تدریسی طریقہ کار اور اسکول قیادت کے حوالے سے باقاعدگی سے تربیتی پروگرامز منعقد کیے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں خدمات انجام دینے والی خواتین اساتذہ کو سفری سہولیات بھی فراہم کی جاتی ہیں۔ٹی سی ایف کے سالانہ ٹیچرز ایوارڈز کا مقصد ان اساتذہ اور پرنسپلز کی محنت، لگن اور عزم کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے، جو پاکستان بھر میں تعلیمی مواقع کو وسعت دینے اور مقامی آبادیوں میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



