اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کو مضبوط بنانے، مقامی کاروبار کو عالمی سپلائی چین سے منسلک کرنے اور پائیدار اقتصادی ترقی کے فروغ کے لیے پاکستانی برانڈز کو عالمی سطح پر مسابقت کے قابل بنانا ضروری ہے۔اتوار کواسلام آباد میں برانڈز فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام 18ویں برانڈ آف دی ایئر ایوارڈز 2026 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مضبوط برانڈز کسی بھی ملک کا قیمتی معاشی اثاثہ ہوتے ہیں، جو صارفین کا اعتماد بڑھانے، سرمایہ کاری کے فروغ، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کا انحصار صرف روایتی ذرائع آمدن پر نہیں ہونا چاہیے بلکہ ملک میں مسابقتی، پیداواری اور جدت پر مبنی معیشت تشکیل دینے کی ضرورت ہے تاکہ مقامی کاروباری ادارے علاقائی اور عالمی منڈیوں میں اعتماد کے ساتھ مقابلہ کر سکیں۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان کو عالمی مصنوعات کے محض صارفین کے بجائے عالمی سطح پر تسلیم شدہ پاکستانی مصنوعات اور برانڈز تخلیق کرنے والا ملک بننا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان باصلاحیت اور کاروباری صلاحیتوں سے مالا مال آبادی، وسیع صارفین کی منڈی، قدرتی وسائل اور ٹیکنالوجی و جدت سے جڑی نوجوان نسل کا حامل ہے، تاہم اس استعداد کو معاشی مواقع میں تبدیل کرنے کے لیے تحقیق و ترقی، جدید پیداواری سہولیات، ڈیجیٹل تبدیلی، ہنرمندی کے فروغ اور بین الاقوامی مارکیٹنگ میں مسلسل سرمایہ کاری ضروری ہے۔گورنر خیبر پختونخوا نے نوجوانوں میں کاروباری رجحانات کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انہیں روایتی ملازمتوں سے آگے بڑھ کر اپنے کاروبار قائم کرنے، جدید مصنوعات تیار کرنے اورٹیکنالوجی پر مبنی کاروباری ادارے تشکیل دینے کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔انہوں نے خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کے مواقع کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں معدنیات، پن بجلی، زراعت، سیاحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور تجارت کے شعبوں میں وسیع امکانات موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کے قدرتی وسائل، جغرافیائی اہمیت اورانسانی سرمایہ اسے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کے قابل بناتے ہیں۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ’’بدلتا، نکھرتا، مضبوط خیبر پختونخوا‘‘ کے وژن کے تحت ایسی معیشت کو فروغ دینا چاہتے ہیں جو مواقع پیدا کرے، سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرے اور عوام کو بااختیار بنائے۔انہوں نے کاروباری برادری،سرمایہ کاروں اور معروف پاکستانی برانڈز کو خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ حقیقی سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرنے اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے میں تعاون کیا جائے گا۔
گورنر نے کہا کہ نجی شعبہ قومی ترقی میں محض شریک نہیں بلکہ اس کا ایک اہم محرک ہے۔انہوں نےبرانڈز فاؤنڈیشن، اس کے بانی و چیف ایگزیکٹو شیخ رشید عالم اور منتظمین کو مسلسل 18 سال سے اس اہم اقدام کو جاری رکھنے پر مبارکباد دی اور ایوارڈ حاصل کرنے والوں کی کامیابیوں کو ان کی محنت، کاروباری صلاحیتوں، جدت اور صارفین کے اعتماد کا مظہر قرار دیا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایوارڈ یافتگان کی کامیابیاں مزید جدت، مضبوط کاروباری اداروں اور خوشحال پاکستان کی بنیاد بنیں گی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



