پشاور۔ 28 نومبر (اے پی پی):سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے ون ویلنگ کرنیوالوں کیخلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے مزید 10 افراد کو گرفتار کرکے موٹرسائیکلیں ٹرمینل میں بند کر دیں۔ اس سلسلے میں چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ کی سربراہی میں سٹی ٹریفک پولیس نے نادرن بائی پاس اور شہر کے مختلف علاقوں میں ون ویلنگ کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جس میں مزید 10 نوجوانوں کو ون ویلنگ کرنے پر گرفتار کرکے موٹر سائیکلوں کو ضبط کر کے ٹرمینل میں بند کر دیئے جبکہ سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے ان کے والدین سے تحریری طور پر ضمانت لی گئی۔
چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ نے ون ویلنگ کرنیوالوں کیخلاف کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ون ویلنگ کرنا اپنی زندگی سے کھیلنے کے مترادف ہے کیونکہ اس خطرناک کھیل سے کئی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں اور لوگوں کے خوشیوں بھرے گھر ماتم میں تبدیل ہو گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ون ویلنگ کرنیوالوں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائیگی اور ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لارہی ہےاور اس سلسلے میں کسی کے ساتھ نرمی نہیں برتی جائیگی۔
انہوں نے کہا کہ ون ویلنگ کیخلاف وقتاً فوقتاً کارروائیاں کی جاتی ہیں تاکہ نوجوان اس خطرناک عمل سے بچ سکیں اور انکی زندگیاں محفوظ بنائی جا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر بھر میں ٹریفک قوانین سے متعلق مہمات اور اس پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کا مقصد شہر میں ٹریفک کا نظام بہتر بنانا اور شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی جبکہ مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



