راولپنڈی۔28نومبر (اے پی پی):پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے سندھ کا دورہ کیا اور مختلف جامعات کے طلبہ اور اساتذہ کے ساتھ خصوصی تعاملی نشست کا انعقاد کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نشست میں جامعہ سندھ، مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز اور شہید اللہ بخش سومرو یونیورسٹی کے طلبہ اور اساتذہ نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے شرکاء کے سوالات کے تفصیلی جوابات دیے۔
نشست کے دوران قومی یکجہتی، ملکی سلامتی اور دشمن کے پروپیگنڈے سے آگاہی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔شرکاء نے قومی اتحاد کے فروغ، ملکی استحکام اور پاکستان کی ترقی میں مثبت کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔طلبہ نے کہا کہ اس نشست سے انہیں سوشل میڈیا پر پروپیگنڈے، قومی شعور اور قومی دفاع میں پاک فوج کے کردار کو بہتر طور پر سمجھنے کا موقع ملا۔انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ نوجوان نسل پاکستان کی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی اور دشمن کے مذموم عزائم کا مقابلہ کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



