اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):نائب وزیرِ اعظم و وزیرخارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے تمام وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ کفایت شعاری سے متعلق جاری کردہ احکامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور سرکاری خدمات کی فراہمی متاثر کیے بغیر صرف انتہائی ضروری اخراجات کو ترجیح دی جائے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے یہ ہدایات اپنی زیرِ صدارت وزارت خارجہ میں بچت اور اضافی کفایت شعاری اقدامات کی نگرانی اور ان پر عمل درآمد کے لیے قائم کمیٹی کے اجلاس کے دوران دیں۔اجلاس میں کمیٹی کے گزشتہ اجلاسوں میں کئے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اس دوران وفاقی حکومت اور اس کے ماتحت محکموں میں کفایت شعاری کے اقدامات پر عمل درآمد اور ان کی پابندی کا بھی جائزہ لیا گیا۔
نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ نے تمام وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ کفایت شعاری سے متعلق جاری کردہ احکامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور سرکاری خدمات کی فراہمی متاثر کیے بغیر صرف انتہائی ضروری اخراجات کو ترجیح دی جائے۔اجلاس میں وزیرِ مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن، معاون خصوصی برائے وزیرِ اعظم طارق باجوہ، سیکریٹریز کابینہ، داخلہ، الیکشن کمیشن آف پاکستان اور اطلاعات و نشریات، اسپیشل سیکریٹری خزانہ، چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے سینئر حکام، جبکہ متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



