اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):لوک ورثہ کے زیر اہتمام جاری لوک میلہ میں (کل )اتوار کو پنجاب موسیقی نائٹ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں پنجاب کی ثقافتی اور موسیقی کی روایات کو اجاگر کیا جائے گا۔ اس موقع پر پنجاب کے نامور گلوکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے اور روایتی لوک گیتوں، صوفیانہ کلام اور علاقائی دھنوں کے ذریعے حاضرین کو پنجاب کی ثقافت سے روشناس کرائیں گے۔پروگرام شام 7 بجے شروع ہوگا جس میں نامور لوک گلوکار فضل حسین جٹ،بشیر لوہار،ظفر لوھار اور دیگر پرفارم کریں گے۔پنجاب موسیقی نائٹ میلے میں شریک شہریوں اور ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے لیے خصوصی دلچسپی کا باعث ہوگی۔
اس ثقافتی شام کا مقصد پنجاب کی لوک موسیقی، فنون اور صدیوں پرانی روایات کو فروغ دینا اور نئی نسل کو اپنے ثقافتی ورثے سے روشناس کرانا ہے۔ حافظ آباد کے رضوان ڈھول پارٹی، بھی پنجاب کی ثقافت اور روایتی دھنوں کے رنگ بکھیرنے کے لیے تیار ہیں۔ پنجاب کا روایتی ڈھول، اس کی مسحور کن تھاپ اور مخصوص جوش و خروش حافظ آباد سے تعلق رکھنے والی رضوان ڈھول پارٹی لوک میلہ میں پنجاب کی حقیقی لوک ثقافت اور روایتی موسیقی کے رنگ پیش کر رہی ہے۔
میلہ گراؤنڈ میں روزانہ ڈھول کی گونج، موسیقی اور روایتی خوشیوں سے بھرپور سماں دیکھنے کو مل رہا ہے۔یہی ڈھول پارٹی شام کو بھی پرفارم کرے گی۔یہ محفل ان ثقافتی روایات کا جشن ہے جو لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لاتی اور ہمارے تہذیبی ورثے کو زندہ رکھتی ہیں۔ شہریوں اور میلے میں آنے والے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو دعوت دی گئی ہے کہ وہ ڈھول کی تھاپ سے لطف اندوز ہوں اور پنجاب کی ثقافت کے رنگوں میں شریک ہوں۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



