ریاض۔27نومبر (اے پی پی):پاکستانی فالکنرعطاء اللہ کرم نے ‘کنگ عبدالعزیز فالکنری فیسٹیول’ میں ‘کنگ عبدالعزیز کپ’ جیت کر تاریخ رقم کر دی۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق فالکنرز کا یہ میلہ دنیا کا سب سے بڑا اجتماع ہے اور عطاء اللہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں۔ اس کامیابی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئےعطاء اللہ نے مقابلے کے اعلیٰ معیار اور اس میں شامل بازوں کے عمدہ معیار کو سراہا۔
انہوں نے بتایا کہ وہ 14 سال قبل سعودی عرب آئے تھے اور یہاں کے ورثے سے گہرا تعلق قائم ہونے کے بعد آہستہ آہستہ ان میں باز پالنے کا شوق پیدا ہوا۔انہوں نے اس میلے کو ایک انتہائی مفید اور خوشگوار تجربہ قرار دیتے ہوئے اس میں ہونے والی بین الاقوامی شرکت، اور مقابلے کے ساتھ ساتھ مہارتوں کے تبادلے کے مواقع پر روشنی ڈالی۔
ان کی یہ کامیابی اس میلے کی بڑھتی ہوئی بین الاقوامی مقبولیت، فالکنری کے ورثے کو فروغ دینے میں اس کے کردار، اور اس کھیل میں سعودی عرب کی پوزیشن کو مزید مستحکم کرنے کی عکاسی کرتی ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



