اسلام آباد۔27نومبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ (پی سی ایس آئی آر) ملک میں برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے فروغ اور برآمدات میں اضافے کے لیے اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق یہ بات وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ (پی سی ایس آئی آر) کے امور سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔
وزیراعظم نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی ترقی اور برآمدات بڑھانے کے ایکو سسٹم میں پی سی ایس آئی آر اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پی سی ایس آئی آر کی تمام لیبارٹریز بین الاقوامی معیار کے مطابق ایکریڈیٹیشن حاصل کریں تاکہ پاکستانی برآمدی مصنوعات کے لیے عالمی معیارات کے مطابق سرٹیفکیشن اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ توثیق کے عمل کو سہل بنایا جا سکے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ملکی مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں مسابقت کے قابل بنانے کے لیے پی سی ایس آئی آر اپنا تحقیقی کردار موثر بنائے۔ وزیر اعظم نے نوجوانوں کی صنعتی فنی تربیت کے لئے نیوٹیک کے ساتھ تعاون مزید بڑھانے کی ہدایت کی۔
وزیر اعظم نے پی سی ایس آئی آر کے حوالے سے کی گئی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کی رپورٹ بھی طلب کر لی۔وزیراعظم نے پی سی ایس آئی آر کے مینڈیٹ، اب تک کی کارکردگی اور مستقبل میں اس کے ممکنہ کردار کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی بھی تشکیل دے دی ۔ کمیٹی پی سی ایس آئی آر کے قیام کے مقاصد، قانونی ذمہ داریوں، اب تک کیے گئے اقدامات اور مستقبل میں ادارے کی استعداد سے بھرپور استفادے کے امکانات کا جائزہ لے گی۔ کمیٹی اس بات کا بھی تعین کرے گی کہ قومی معیشت، صنعتی ترقی اور برآمدات میں اضافے کے لیے پی سی ایس آئی آر کو مزید موثر کیسے بنایا جا سکتا ہے۔
اجلاس کو پی سی ایس آئی آر کی ذمہ داریوں اور کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پی سی ایس آئی آر کے ملک بھر میں 10 تحقیقی لیبارٹریز اور یونٹس جبکہ 7 تکنیکی تربیتی ادارے کام کر رہے ہیں جبکہ 12 نئی لیبارٹریاں بھی تکمیل کے مراحل میں ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی سی ایس آئی آر صنعتی شعبے کو جدید ٹیکنالوجی، تحقیق اور کم لاگت تکنیکی حل فراہم کرتا ہے تاکہ ملکی صنعت کی پیداواری صلاحیت اور معیار بہتر بنایا جا سکے، اب تک یہ ادارہ 12000 سے زائد نوجوانوں کو فنی تربیت فراہم کرچکا ہے۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پی سی ایس آئی آر خوراک، زراعت، بائیوٹیکنالوجی، ادویات، ٹیکسٹائل، چمڑے، معدنیات، انجینئرنگ، توانائی اور دیگر شعبوں میں تحقیق و ترقی کی سرگرمیاں انجام دیتا ہے، ادارے کی لیبارٹریز ملکی صنعتوں اور برآمد کنندگان کو مصنوعات کی جانچ، معیار کی تصدیق اور تکنیکی آلات کی پیمائش و درستی (کیلیبریشن) کی سہولیات فراہم کرتی ہیں۔ اجلاس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، علی پرویز ملک، خالد مگسی، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی وزیر اعظم کے مشیر ہارون اختر اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



