سیالکوٹ۔ 02 نومبر (اے پی پی):سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ صحافیوں کا تحفظ جمہوری معاشرے کے استحکام کے لیے ناگزیر ہے، صحافیوں کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو صحافیوں کے خلاف جرائم میں عدم سزا کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ صحافت کسی بھی معاشرے میں عوام کی آواز، حقائق کی ترجمانی ، جمہوری اقدار کے فروغ کا اہم ذریعہ ہے، صحافیوں کو پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران تحفظ فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، صحافیوں کے خلاف تشدد، دھمکیوں، ہراسانی قتل جیسے واقعات نہ صرف آزادی صحافت پر حملہ ہیں بلکہ معاشرے میں حقائق تک رسائی کے حق کو بھی متاثر کرتے ہیں۔ سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ صحافی مشکل حالات، خطرات نامساعد ماحول کے باوجود عوام تک درست معلومات پہنچانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہیں
ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جانا چاہیے، صحافیوں کے خلاف ہونے والے جرائم کی شفاف تحقیقات، ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی متاثرہ صحافیوں کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد، ذمہ دار اور غیر جانبدار صحافت معاشرے میں شعور، برداشت اور مثبت مکالمے کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا کے بڑھتے ہوئے اثرات کے دور میں صحافیوں کو سائبر ہراسانی، کردار کشی اور آن لائن دھمکیوں جیسے نئے چیلنجز کا بھی سامنا ہے، جن سے نمٹنے کے لیے مؤثر قانون سازی، ادارہ جاتی تعاون صحافتی تنظیموں کا فعال کردار ضروری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صحافیوں کے حقوق، آزادی اظہار اور پیشہ وارانہ تحفظ کے لیے اجتماعی کوششوں کو فروغ دینا ہوگا تاکہ صحافی بلا خوف و خطر اپنی ذمہ داریاں ادا کر سکیں۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



