اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):پاکستان کے نمبر ون بین الاقوامی جونیئر ٹینس کھلاڑی 17 سالہ میکائیل علی بیگ نے آئی ٹی ایف جے 100 کوالالمپور سنگلز چیمپئن شپ جیت لی،انہوں نے فائنل میں جاپان کے سیکنڈسیڈ کھلاڑی کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 0-6 اور 1-6 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ٹورنامنٹ میں پانچویں سیڈ کی حیثیت سے شرکت کرنے والے میکائیل علی بیگ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائٹل تک رسائی حاصل کی اور اس دوران جاپان کے ٹاپ دو سیڈڈ کھلاڑیوں کو شکست دی۔
چیمپئن شپ کے پہلے راؤنڈ میں انہوں نے بھارت کے آریا وینکٹارامن کو 0-6، 0-6 سے ہرایا، جبکہ پری کوارٹر فائنل میں جاپان کے ماؤ تاذورو کو 5-7، 1-6 سے شکست دی۔کوارٹر فائنل میں میکائیل نے تھرڈسیڈ اور عالمی درجہ بندی میں 259ویں نمبر کے ایوان ماکاروف کو 0-6، 0-6 سے زیر کیا، جبکہ سیمی فائنل میں فرسٹ سیڈ اور عالمی درجہ بندی میں 172ویں نمبر کے یوتا امانو کو 5-7، 2-6 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔فائنل میں انہوں نے سیکنڈ سیڈ اور عالمی درجہ بندی میں 228ویں نمبر کے سوٹا کاگاوا کو 0-6 اور 1-6 سے ہرا کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
اس کامیابی کے ساتھ میکائیل علی بیگ کے بین الاقوامی آئی ٹی ایف ٹائٹلز کی تعداد 16 ہوگئی ہے جن میں 8 سنگلز اور 8 ڈبلز ٹائٹلز شامل ہیں۔پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی، سیکرٹری جنرل کرنل (ر) ضیاء الدین طفیل اور پی ٹی ایف کی پوری انتظامیہ نے میکائیل علی بیگ اور ان کے اہل خانہ کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کی بین الاقوامی سطح پر نمایاں کارکردگی کو سراہا ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



