سرگودھا ۔ 26 نومبر (اے پی پی):یونیورسٹی آف سرگودھا میں پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی کے چین کے شین ژو 24 مشن کے ذریعے خلا میں پہنچنے کے تاریخی موقع پر خصوصی دستاویزی فلم کی نمائش کی گئی۔ ذیشان علی مدار میں پہنچنے والے پہلے پاکستانی اور چین کے خلائی سٹیشن تیان گونگ پر قدم رکھنے والے پہلے غیر ملکی خلاباز بن گئے ہیں۔
دستاویزی فلم میں پاکستان اور چین کے بڑھتے ہوئے خلائی و سائنسی تعاون، شین ژو 24 مشن کے مقاصد، خلاباز ذیشان علی کے کردار اور خلائی سفر کی تیاری و روانگی کے مناظر پیش کیے گئے۔ مشن میں دونوں ممالک کے اشتراک سے بائیو ٹیکنالوجی اور جدید مواد کی تحقیق سے متعلق چار منصوبے بھی شامل ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر تصور حیات (ہلال امتیاز، ستارہ امتیاز، تمغہ امتیاز) نے کہا کہ یہ پوری قوم کے لیے فخر کا لمحہ ہے اور ایسے تاریخی مواقع صدیوں میں دیکھنے کو ملتے ہیں۔ ذیشان علی کی خلائی پرواز پاکستانی قوم کی صلاحیت، عزم اور سائنسی مستقبل کی روشن مثال ہے۔ قوم میں ہر مشکل کا مقابلہ کرنے اور ترقی کی نئی منازل طے کرنے کی صلاحیت موجود ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ان صلاحیتوں کو جدید تحقیق اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے بروئے کار لایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو خلائی سائنس اور جدید ٹیکنالوجی سمیت ہر اہم سائنسی شعبے میں ترقی کرنا ہوگی۔ پاکستان اور چین کے دیرینہ تعاون کو ایرو سپیس اور دیگر جدید سائنسی میدانوں تک وسعت دینے کی ضرورت ہے تاکہ نوجوان نسل کو تحقیق اور عملی تجربات کے مزید مواقع میسر آئیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں پاکستان کے مزید نوجوان خلائی سائنس اور جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں عالمی سطح پر ملک کی نمائندگی کریں گے۔تقریب میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان، فیکلٹی ممبران، انتظامی افسران اور طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



