اسلام آباد۔26نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے تجویز پیش کی ہے کہ سمندری غذا کے برآمد کنندگان اپنی کل برآمدات کا کم از کم پانچ فیصد ویلیو ایڈڈ مصنوعات کے لیے مختص کریں، اس وقت 578 سمندری غذا کے برآمد کنندگان میں سے صرف تین ایسی مصنوعات کا کاروبار کرتے ہیں۔
جمعرات کو وزارت سے جاری پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے یہ تجویز سمندری خوراک کی برآمدات میں اضافے کے اقدامات پر غور کرنے کے لیے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ انہوں نے صوبائی ماہی پروری کے محکموں اور برآمد کنندگان کی شمولیت، پراسیس شدہ سمندری غذا کی مصنوعات کے فروغ اور اس شعبے کی زرمبادلہ کی کمائی بڑھانے کے طریقوں کی سفارش کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی ،وزارت میری ٹائم افیئرز کے فشریز ڈویلپمنٹ کمشنر ڈاکٹر محمد حفیظ الرحمان کی سربراہی میں قائم کمیٹی صوبائی حکام اور برآمد کنندگان کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کرے گی تاکہ مواقع کی نشاندہی کی جا سکے اور سمندری خوراک کی صنعت میں ویلیو ایڈیشن کو بڑھانے کے لیے اقدامات تجویز کیے جا سکیں۔
اجلاس میں صوبائی ماہی پروری کے نمائندوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور میری ٹائم افیئرز اور نیشنل فوڈ سکیورٹی کی وزارتوں کے سینئر حکام نے خام مصنوعات سے ہٹ کر سمندری خوراک کی برآمدات کو متنوع بنانے کے طریقوں کا جائزہ لیا۔ جنید چوہدری نے برآمد کنندگان پر زور دیا کہ وہ ابتدائی طور پر چھوٹے پیمانے پر ویلیو ایڈیشن کی سرگرمیاں شروع کریں اور بتدریج اپنے آپریشنز کو وسعت دیں۔
انہوں نے کاروباری اداروں کو پراسیسنگ، پیکیجنگ اور دیگر سرگرمیوں میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دی جس سے انہیں اعلیٰ قدر والی بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی میں مدد مل سکتی ہے۔ انہوں نے ایک ورکشاپ کے انعقاد کی تجویز بھی پیش کی جس میں صوبائی ماہی پروری کے محکموں، برآمد کنندگان اور دیگر سٹیک ہولڈرز کو ویلیو ایڈیشن کی راہ میں حائل رکاوٹوں کی نشاندہی کرنے اور پراسیس شدہ سمندری خوراک کی برآمدات بڑھانے کے لیے عملی سفارشات مرتب کرنے کی تجویز پیش کی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کو صوبائی انتظامیہ اور پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ مل کر فشریز اور ایکوا کلچر کے بنیادی ڈھانچے کو تیار کرنے کی ضرورت ہے بشمول جھینگے کی ہیچریاں اور سمندری خوراک کی پراسیسنگ کی سہولیات کو مضبوط بنانا۔ انہوں نے کہا کہ ہیچریوں کی ترقی، آبی زراعت کو وسعت دینے اور ویلیو ایڈڈ مصنوعات کو فروغ دینے سے پاکستان کو اپنی ماہی گیری کی صلاحیت کا ادراک کرنے، برآمدی مسابقت کو بہتر بنانے اور زرمبادلہ کمانے میں مدد مل سکتی ہے
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



