اسلام آباد۔26نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی ہمہ موسمی تزویراتی شراکت داری اب خلائی تعاون کے نئے دور میں داخل ہو چکی ہے، پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی کی چین کے خلائی سٹیشن تیانگونگ پر شینژو-24 مشن میں شرکت دونوں ممالک کے درمیان دہائیوں پر محیط باہمی اعتماد اور سائنسی و تکنیکی تعاون کی مظہر ہے۔چائنا ڈیلی میں شائع ہونے والے مضمون میں
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی کو نسل در نسل ہمالیہ سے بلند قرار دیا جاتا رہا ہے اور اب یہی دوستی خلاؤں کی وسعتوں تک پہنچ رہی ہے۔ انہوں نے اپریل 2015 میں پاکستانی پارلیمنٹ سے خطاب کے دوران چینی صدر شی جن پنگ کے اس بیان کا حوالہ دیا کہ دونوں ملک ہر حال میں مل کر آگے بڑھتے رہیں گے۔
پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)نے دونوں ملکوں کو مضبوط تزویراتی شراکت داری میں جوڑا ہے جس کے پہلے مرحلے میں پاکستان کو توانائی کی قلت پر قابو پانے اور ذرائع نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے میں مدد ملی، دوسرے مرحلے میں صنعتی تعاون، زراعت کی جدید کاری اور ٹیکنالوجی کے فروغ پر توجہ دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خلائی شعبے میں پاک چین تعاون ان ترجیحات کو مزید تقویت دے سکتا ہے، سیٹلائٹ ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹرانسپورٹ راہداریوں کی نگرانی، سیلاب کے خطرات کا جائزہ، زرعی منصوبہ بندی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت بہتر بنائی جا سکتی ہے۔وفاقی وزیر نے پاکستان کے خلائی سفر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کا آغاز 7 جون 1962 کو سونمیانی سے رہبر-ون راکٹ کے کامیاب تجربے سے ہوا جس کے بعد پاکستان نے خلائی سائنس کے شعبے میں مختلف مراحل طے کیے، 2011 میں پاک سیٹ-1 آر، 2018 میں پی آر ایس ایس-1 اور پاک ٹیس-1 اے جبکہ 2024 میں پاک سیٹ-ایم ایم ون کی کامیاب لانچنگ اس سفر کے اہم سنگ میل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2024 میں پاکستان کے انسٹی ٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی اور چین کی شنگھائی جیاؤ ٹونگ یونیورسٹی کے اشتراک سے تیار کردہ آئی کیوب قمر بھی چین کے چانگ ای-6 مشن کے ذریعے چاند کے مدار تک پہنچا جس سے پاکستانی طلبہ اور انجینئرز کو خلائی تحقیق میں عملی تجربہ حاصل کرنے کا موقع ملا۔ پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ فروری 2025 میں انسانی خلائی پرواز سے متعلق طے پانے والا معاہدہ پاکستان کے لیے مزید مواقع فراہم کرتا ہے، پاکستانی جامعات کو چینی شراکت داروں کے ساتھ مل کر سائنسی تجربات، جدید آلات اور تحقیقاتی منصوبوں پر کام کرنا چاہیے تاکہ نوجوان سائنس دانوں اور انجینئرز کی صلاحیتوں کو فروغ دیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 2035 تک چاند پر اترنے کا ہدف مقرر کیا ہے جبکہ چین کے چانگ ای-8 مشن میں پاکستانی روور کی مجوزہ شمولیت اس سمت میں ایک عملی پیش رفت ہے، اس منصوبے کے تحت آلات کی تیاری، چاند کے سخت ماحول میں ان کی جانچ اور دور سے آپریشن کے تجربات پاکستانی ٹیموں کو مستقبل کے خلائی مشنز کے لیے تیار کریں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ خلائی ٹیکنالوجی کے فوائد صرف تحقیق تک محدود نہیں بلکہ اس کے ذریعے مون سون سیلاب کے دوران متاثرہ دیہات، زیر آب علاقوں اور امدادی ٹیموں کے لیے قابل استعمال راستوں کی نشاندہی ممکن ہے، ریڈار ٹیکنالوجی بادلوں کی موجودگی میں بھی سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی نقشہ سازی میں مدد فراہم کر سکتی ہے جبکہ سیٹلائٹ معلومات کو زمینی ڈیٹا کے ساتھ یکجا کرکے امدادی کارروائیوں اور زرعی نقصانات کے جائزے کو مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خلائی تحقیق اڑان پاکستان کے وژن کے تحت جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، آپٹکس، جدید میٹریلز اور الیکٹرانکس کے شعبوں میں ترقی کے نئے امکانات پیدا کر سکتی ہے، مشترکہ تحقیق، جدید تجربہ گاہوں تک رسائی اور پاکستانی کمپنیوں کی خلائی منصوبوں میں شمولیت سے مقامی صنعتی و تکنیکی صلاحیتوں میں اضافہ اور برآمدی مواقع پیدا ہوں گے۔ وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی خلائی ایجنسی، جامعات، صنعتی اداروں اور صوبائی محکموں کو مشترکہ منصوبہ بندی کے ذریعے ہر خلائی مشن کے قابلِ عمل نتائج اور ان سے استفادے کے طریقہ کار کا تعین کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ محمد ذیشان علی کی خلائی مشن میں شرکت پاکستان کے نوجوانوں کے لیے سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں نئے خواب دیکھنے کا موقع ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں کو معیاری تعلیمی ادارے، جدید تجربہ گاہیں اور تحقیق کے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ مستقبل میں خلائی آلات کی تیاری، سائنسی تحقیق اور پاکستان کے اپنے خلائی مشنز میں اہم کردار ادا کر سکیں۔وفاقی وزیر نے علامہ اقبال کے شعر ’’تو شاہیں ہے، پرواز ہے کام تیرا، ترے سامنے آسماں اور بھی ہیں‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شین ژو-24 مشن کو پاکستان کی نئی نسل کے لیے خلائی سائنس کے میدان میں آگے بڑھنے اور مستقبل کے اہداف حاصل کرنے کی تحریک بننا چاہیے
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



