پشاور۔ 26 نومبر (اے پی پی):یونیورسٹی آف مالاکنڈ نے خلائی ٹیکنالوجی کے شعبے میں پاکستان اور چین کے مابین تعاون کو اجاگر کرنے اور طلباء میں سائنسی شعور، تحقیق اور جدت طرازی کو فروغ دینے کے لیے مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا۔یونیورسٹی آف مالاکنڈ تر جمان کے مطابق یونیورسٹی کے کانووکیشن ہال میں منعقدہ مرکزی تقریب میں فیکلٹی ممبران، محققین اور طلبانے شرکت کی، جبکہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔شعبہ سیاسیات کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر مراد علی نے پاکستان اور چین کے تعلقات کی تاریخی ارتقاء اور سٹریٹجک اہمیت پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سائنسی اور تکنیکی تعاون دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کر سکتا ہے۔شعبہ طبعیات (فزکس) کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر عماد خان نے شرکاکو مشترکہ خلائی مشن کے سائنسی اور تکنیکی پہلوؤں، اس کے مقاصد اور اس مشترکہ منصوبے میں پاکستان کے کردار کے بارے میں آگاہ کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس نے خلائی امور سے متعلق اقدامات میں پاکستان کی شرکت کو قومی فخر کا باعث قرار دیا۔
انہوں نے یونیورسٹی کے طلبا میں سائنسی تجسس، تحقیق اور جدت طرازی کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور اس تقریب کے انعقاد پر فیکلٹی کی کاوشوں کو سراہا۔یونیورسٹی سے منسلک ہائر سیکنڈری سکول میں بھی خصوصی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا، جس میں طلبانے ٹیکنالوجی، جدت اور خلائی تحقیق سے متعلق سائنسی ماڈلز پیش کیے۔ چھٹی جماعت کی طالبہ مہروش جاوید نے بہترین سائنسی ماڈل تیار کرنے اور پیش کرنے پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔
یونیورسٹی کے ویمنز سب کیمپس میں بھی اس موقع پر سائنسی تعلیم اور تکنیکی ترقی میں خواتین کے کردار کو اجاگر کیا گیا۔ تقریب میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر میر اعظم خان، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عرب ناز اور ویمنز سب کیمپس کی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر عالیہ جاوید نے شرکت کی۔ان تقریبات میں ایک ‘آگاہی واک’ بھی شامل تھی جس کی قیادت وائس چانسلر نے کی، اور اس میں فیکلٹی ممبران اور طلبانے بھی حصہ لیا۔ان سرگرمیوں کے ذریعے، یونیورسٹی آف مالاکنڈ نے سائنسی تعلیم کو فروغ دینے، نوجوان محققین کی حوصلہ افزائی کرنے اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعلیمی روابط کو مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



