اسلام آباد۔27نومبر (اے پی پی):ملک میں ضروری اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.11 فیصد کمی جبکہ سالانہ بنیادوں پر 9.49 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے قیمتوں کے حساس اشاریہ (ایس پی آئی) کے حوالے سے جاری ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 26 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران روزمرہ استعمال کی 9 ضروری اشیا کی قیمتوں میں کمی، 22 کی قیمتوں میں استحکام جبکہ 20 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے ٹماٹر کی قیمت میں 23.92 فیصد، پیاز 21.27 فیصد، ایل پی جی 7.78 فیصد، پٹرول 2.48 فیصد، ڈیزل 1.99 فیصد، دال مسور 0.68 فیصد، چینی 0.24 فیصد، کیلے 0.12 فیصد اور دال ماش کی قیمت میں 0.12 فیصد کمی ہوئی۔
اس کے برعکس آٹے کی قیمت میں 5.72 فیصد، سب سے کم آمدنی والے طبقے کے لئے بجلی کے نرخوں میں 5.43 فیصد، انڈوں میں 4.36 فیصد، مرغی 4.14 فیصد، لہسن 1.54 فیصد، باسمتی چاول 0.79 فیصد، آلو 0.78 فیصد، دال چنا 0.57 فیصد،ماچس 0.47 فیصد، سادہ ڈبل روٹی 0.44 فیصد، جلانے کی لکڑی 0.24 فیصد اور واشنگ سوپ کی قیمت میں 0.19 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
آمدنی کے لحاظ سے مختلف طبقات کے لئے قیمتوں کے حساس اشاریے میں ہفتہ وار بنیادوں پر ملا جلا رجحان رہا۔ 17,732 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے سب سے کم آمدنی والے گروپ کے لئے اشاریے میں 0.09 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ 17,733 سے 22,888 روپے ماہانہ آمدنی والے گروپ کے لئے اس میں 0.12 فیصد اضافہ ہوا۔
اسی طرح 22,889 سے 29,517 روپے آمدنی والے گروپ کے لئے اشاریے میں 0.01 فیصد، 29,518 سے 44,175 روپے آمدنی والے گروپ کے لئے 0.10 فیصد جبکہ 44,175 روپے سے زائد ماہانہ آمدنی رکھنے والے گروپ کے لئے 0.28 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ صارفین کے لئے قیمتوں کے حساس اشاریے کا تعین ملک کے 17 بڑے شہروں کی 50 مارکیٹوں میں 51 ضروری اشیا کی قیمتوں میں کمی بیشی کی بنیاد پر کیا جاتا ہے ۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



