گلگت۔ 27 نومبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے صوبے کے تمام اضلاع میں عوام کو روزمرہ استعمال کی معیاری اشیائے ضروریہ مناسب اور سستے نرخوں پر فراہم کرنے کے لیے سستے بازار (سستا بازار) قائم کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ تین دنوں میں اپنے متعلقہ اضلاع میں سستے بازاروں کے قیام کے حوالے سے قابل عمل سفارشات مرتب کرکے پیش کریں۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کے اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ڈویژنل ہیڈکوارٹرز گلگت، سکردو اور چلاس میں سستے بازار قائم کیے جائیں گے، جس کے بعد اس منصوبے کو مرحلہ وار تمام اضلاع تک وسعت دی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سستے بازاروں کے قیام کا بنیادی مقصد عوام کو روزمرہ استعمال کی معیاری اشیائے ضروریہ ایک ہی جگہ پر مناسب نرخوں پر فراہم کرنا اور خریداری کے حوالے سے درپیش مشکلات کے ساتھ ساتھ ٹریفک کے مسائل کو بھی کم کرنا ہے۔وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ سستے بازاروں کے قیام کے لیے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز موزوں مقامات کی نشاندہی کریں، جہاں صوبائی حکومت عارضی انفراسٹرکچر تعمیر کرکے دلچسپی رکھنے والے تاجروں کو فراہم کرے گی۔ وزیر اعلیٰ نے اس بات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی کہ سستے بازار کیلئے مقامات کے انتخاب میں عوام کی آسان رسائی کو خصوصی طور پر مدنظر رکھا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس سہولت سے مستفید ہوسکیں۔وزیر اعلیٰ نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ اوگرا کی جانب سے پالیسی میں تبدیلی کے بعد ایل پی جی کی اوپن مارکیٹ میں نیلامی کے نتیجے میں گیس سلنڈرز کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ اس بات کو یقینی بنائے کہ قیمتوں میں کمی کے ثمرات براہ راست عوام تک پہنچیں اور صارفین کو مقررہ کم نرخوں پر ایل پی جی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ ناجائز منافع خوری اور عوام سے زائد قیمتیں وصول کرنے والوں کے خلاف موثر کارروائی عمل میں لائی جائے اور ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی کی جائے۔
وزیر اعلیٰ نے امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور حکومتی رٹ یقینی بنانے کے حوالے سے بھی ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ قانون کی عملداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا نرمی برداشت نہیں کی جائے گی۔اجلاس میں صوبائی وزیر برائے منصوبہ بندی و اطلاعات سید جلال شاہ، سیکریٹری برائے وزیر اعلیٰ صفدر خان، ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ، تمام ڈویژنل کمشنرز اور تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



