زیورخ۔27نومبر (اے پی پی):عالمی فٹبال کی گورننگ باڈی فیفا نے تصدیق کی ہے کہ اسے ایک سائبر حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے جس کے نتیجے میں ہیکرز محدود پیمانے پر ذاتی اور کاروباری معلومات تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ ڈھاکہ ٹریبیون کے مطابق فیفا نے کہا ہے کہ وہ اس معاملے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت متعلقہ حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے، تاہم تنظیم نے یہ واضح نہیں کیا کہ حملہ کب ہوا اور کس نوعیت کا ڈیٹا متاثر ہوا ہے۔
گزشتہ ہفتے ہینڈسم بوائے ہیکنگ کلب نامی ایک گروپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر فیفا کی مبینہ فائلوں کا سکرین شاٹ پوسٹ کیا تھا اور تین روز بعد بارہ گیگا بائٹس سے زائد اندرونی دستاویزات لیک ہونے کی خبروں پر اس کی ذمہ داری بھی قبول کر لی تھی۔
فیفا نے ذاتی ڈیٹا کے غیر مجاز حصول اور اشاعت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے رازداری کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے جبکہ یہ سائبر حملہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب فیفا اور اس کے صدر جیانی انفینٹینو ورلڈ کپ کے حصص نجی سرمایہ کاروں کو فروخت کرنے کے ایک خفیہ اور ناکام منصوبے کے باعث شدید تنقید کی زد میں ہیں اور وہ 18 مارچ کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں اپنی مدتِ صدارت 20231تک بڑھانے کے خواہاں ہیں۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



