اسلام آباد۔27نومبر (اے پی پی):پاکستان اور مشرقی افریقہ کے ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت میں جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران سالانہ بنیادوں پر 10.83 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ میں کینیا، تنزانیہ، ماریشس اور مشرقی افریقہ کے دیگر ممالک اورپاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت کاحجم 593.34 ملین ڈالر تک پہنچ گیا ہے جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 535.36 ملین ڈالرکے مقابلہ میں 10.83فیصدزیادہ ہے ۔
اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ میں کینیا، تنزانیہ، ماریشس اور مشرقی افریقہ کے دیگر ممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم 306.54 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 264.54 ملین ڈالر کے مقابلے میں 15.88 فیصد زیادہ ہے۔دوسری جانب ان ممالک سے درآمدات پر جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ میں 286.80 ملین ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہوا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 270.82 ملین ڈالر کے مقابلے میں 5.90 فیصد زیادہ ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق دوطرفہ تجارت میں 57.98 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا، جس میں برآمدات کا حصہ درآمدات کے مقابلے میں زیادہ رہا۔اکتوبر 2026 کے دوران مشرقی افریقہ کے ممالک کو پاکستانی برآمدات 72.91 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں، جبکہ ان ممالک سے درآمدات کا حجم 70 ملین ڈالر رہا۔
اس طرح اکتوبر میں پاکستان کو ان ممالک کے ساتھ 2.91 ملین ڈالر کا تجارتی سرپلس حاصل ہوا۔مالی سال 2025-26 کے دوران مشرقی افریقہ کے ممالک کو پاکستان کی برآمدات کا مجموعی حجم 902.88 ملین ڈالر جبکہ ان ممالک سے درآمدات 769.79 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں۔a
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



