لاہور۔26نومبر (اے پی پی):ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس پاکستان کرکٹ بورڈ عاقب جاوید نے کہا ہے کہ سینٹرل کنٹریکٹس کا بنیادی مقصد ایسے کھلاڑیوں کو مالی تحفظ فراہم کرنا ہے جنہیں بورڈ آئندہ ایک سال کے دوران مختلف فارمیٹس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے دیکھنا چاہتا ہے، تاکہ وہ مالی پریشانیوں سے آزاد ہو کر اپنی تمام تر توجہ کرکٹ پر مرکوز رکھ سکیں۔
سینٹرل کنٹریکٹس کی تشکیل میں صرف گزشتہ سال کی کارکردگی کے بجائے مستقبل کے شیڈول، ٹیم کی ضروریات اور مختلف فارمیٹس میں کھلاڑیوں کی افادیت کو مدنظر رکھا گیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید نے بتایا کہ گزشتہ دو برس سے سینٹرل کنٹریکٹس کے روایتی نظام میں تبدیلی لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
اس مرتبہ اے، بی، سی اور ڈی کی روایتی کیٹیگریز کے بجائے فارمیٹ کی بنیاد پر کھلاڑیوں کی درجہ بندی کی گئی ہے، کیونکہ سابقہ نظام میں کیٹیگریز کے فرق کی وجہ سے کھلاڑیوں میں تحفظات پیدا ہوتے تھے۔
انہوں نے واضح کیا کہ سینٹرل کنٹریکٹ حتمی ٹیم سلیکشن نہیں بلکہ مستقبل کی منصوبہ بندی اور ممکنہ انتخاب کی نشاندہی کرتا ہے۔ موجودہ فہرست میں مزید دو کھلاڑیوں کی شمولیت کی گنجائش بھی موجود ہے، جبکہ تقریبا تین ماہ بعد کارکردگی کا جائزہ لے کر نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا جا سکتا ہے۔
عاقب جاوید نے کہا کہ پاکستان ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پوزیشن بہتر بنانے کے لیے اگلے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل کو سامنے رکھ کر منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
پاکستان کو دنیا کی تین سے چار بہترین ٹیسٹ ٹیموں میں شامل کرنا ہدف ہے، کیونکہ ملک میں موجود کرکٹ ٹیلنٹ کے اعتبار سے عالمی درجہ بندی میں نویں پوزیشن ہمارے شایانِ شان نہیں۔ اسی مقصد کے تحت نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو آگے لانے کے ساتھ ٹیم میں تسلسل اور اجتماعی کارکردگی کو اہمیت دی جا رہی ہے۔
ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس کے مطابق ڈومیسٹک کرکٹ کو مضبوط بنانا پی سی بی کی ترجیحات میں شامل ہے اور اسی مقصد کے تحت سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کے لیے فرسٹ کلاس اور دیگر ڈومیسٹک مقابلوں میں شرکت کی شرائط مقرر کی گئی ہیں۔
ٹیسٹ سپیشلسٹ کھلاڑیوں کے لیے کم از کم 6 فرسٹ کلاس میچز کھیلنا ضروری ہوگا، جبکہ ٹیسٹ اور ون ڈے فارمیٹ کے کھلاڑیوں کو کم از کم 4 فرسٹ کلاس میچز کھیلنے ہوں گے۔ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے کھلاڑیوں کے لیے دو فور ڈے اور چار پچاس اوورز کے میچز کی شرط رکھی گئی ہے۔
ٹی ٹوئنٹی سپیشلسٹ کھلاڑیوں کو پاکستان سپر لیگ کے علاوہ تین اضافی غیر ملکی لیگز کھیلنے کی اجازت ہوگی، جبکہ دیگر فارمیٹس کے کھلاڑیوں کے لیے لیگز کی تعداد ان کے فارمیٹ اور ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت سے مشروط ہوگی۔
سینٹرل کنٹریکٹس کے معیار پر بات کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا کہ کھلاڑیوں کی کارکردگی جانچنے کے لیے امپیکٹ پرفارمنس کو بنیادی اہمیت دی گئی ہے۔
صرف وکٹوں یا رنز کی تعداد کے بجائے یہ دیکھا جاتا ہے کہ کھلاڑی کی کارکردگی نے میچ کے نتیجے اور ٹیم کی کامیابی پر کتنا اثر ڈالا۔ سینٹرل کنٹریکٹ کے لیے فٹنس ٹیسٹ پاس کرنا، ڈومیسٹک کرکٹ کے تقاضے پورے کرنا اور کم از کم 50 فیصد سے زائد امپیکٹ اسکور حاصل کرنا ضروری ہے، جبکہ 70 فیصد یا اس سے زیادہ سکور کرنے والے کھلاڑی ٹیئر ون میں شامل ہوں گے۔ کھلاڑیوں کی کارکردگی کا سالانہ بنیاد پر جائزہ لیا جائے گا، جس میں انٹرنیشنل، ڈومیسٹک اور مختلف غیر ملکی لیگز کی پرفارمنس کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



