چندیگڑھ۔1نومبر (اے پی پی):مودی حکومت نے کرتارپور راہداری کو مسلسل بند کررکھا ہے جس کے باعث بھارت میں بسنے والے لاکھوں سکھوں کے مذہبی حقوق بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راہداری کی بندش سے عام سکھ شہریوں کی جائز مذہبی خواہشات کو دانستہ طور پر دبایا جا رہا ہے جو صرف مقدس گوردوارہ دربار صاحب کی زیارت کرنا چاہتے ہیں۔بھارتی پنجاب کی اسمبلی نے کرتارپور راہداری فوری کھولنے کے لئے متفقہ طورپر ایک قرارداد منظور کر لی ہے۔ قرارداد وزیر تعلیم ہرجوت سنگھ بینس نے پیش کی جبکہ وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے قرارداد کی بھر پور حمایت کی۔ قرارداد میں پاکستان کے ساتھ سفارتی روابط کے ذریعے مسائل حل کرنے پر زوردیاگیا۔وزیر اعلیٰ نے کہاکہ مذہبی مقامات کو سیاسی اختلافات سے بالاتر رکھا جانا چاہیے۔ قرارداد میں بھارتی حکومت سے کرتارپور راہداری دوبارہ کھولنے کے لیے فوری اقدامات کر نے اوریاتریوں کے لئے سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیاگیا۔ قرارداد میں کہاگیاکہ کرتارپور راہداری مذہبی ہم آہنگی اور مشترکہ ورثے کی علامت ہے۔
پنجاب اسمبلی کی اس قرارداد میں واضح طور پر بھارتی حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ راہداری دوبارہ کھولی جائے، طریقہ کار آسان بنایا جائے اور عقیدت مندوں کی بلا تعطل آمدورفت یقینی بنائی جائے۔ وزیراعلیٰ بھگونت مان کو اس مذہبی معاملے پر آزادانہ فیصلہ کرنے کا اختیار حاصل نہیں، کیونکہ تمام اختیارات دہلی میں بیٹھی مودی حکومت کے سخت کنٹرول میں ہیں۔ مودی حکومت سکھوں کے مقدس ترین مذہبی مقام تک رسائی روک کر بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔ بھارت نے پہلگام واقعے کے بعد 7 مئی 2025 سے کرتارپور راہداری کو بند کر رکھا ہے ۔
یہ طویل بندش اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ مودی حکومت پنجاب اسمبلی کی قرارداد اور پنجاب کی آواز کو مسلسل نظر انداز کر رہی ہے، جبکہ اس فیصلے کو سکھ برادری کے مذہبی حقوق کے تناظر میں شدید تنقید کا سامنا ہے۔مودی حکومت کی جانب سے کرتارپور راہداری کی ظالمانہ بندش سکھوں کے مذہبی جذبات پر کاری ضرب اور پنجاب کی آواز کو دبانے کی کوشش ہے۔ مبصرین کاکہناہے کہ بی جے پی حکومت قومی سلامتی کے نام پر سیاسی کھیل کھیل رہی ہے۔ان کاکہناہے کہ مودی حکومت مقدس ترین سکھ مذہبی مقام تک رسائی روک کر بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہی ہے اور سکھ برادری کے مذہبی جذبات اور احساسات کو مکمل طور پر نظر انداز کررہی ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



