بیجنگ ۔26نومبر (اے پی پی):چین کے ریاستی کونسلر اور وزیرِعوامی تحفظ وانگ شیاؤ ہونگ نے اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات و جرائم (یو این او ڈی سی) کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر مونیکا جوما سے ملاقات کی، جس میں منشیات کی روک تھام، سرحد پار منظم جرائم کے انسداد اور ٹیلی کام فراڈ کے خلاف بین الاقوامی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شنہوا کے مطابق بیجنگ میں ہونے والی ملاقات کے دوران وانگ شیاؤ ہونگ نے کہا کہ چین اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کے تحفظ، یو این او ڈی سی کے ساتھ منشیات کے کنٹرول کے شعبے میں عملی تعاون کے فروغ اور سرحد پار منظم جرائم کے خطرات سے مشترکہ طور پر نمٹنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیلی کام فراڈ کے خلاف عالمی تعاون کا ایک نیا ماڈل تشکیل دینے کے لیے بھی مشترکہ کوششیں کی جائیں گی۔مونیکا جوما نے منشیات سمیت سرحد پار جرائم کے خلاف اقدامات میں چین کے عزم اور عملی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے عالمی سلامتی کو درپیش نئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)


