ویانا۔27نومبر (اے پی پی):بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے یوکرین میں واقع زاپوریژیا جوہری پاور پلانٹ کے اطراف فوجی سرگرمیاں روکنے کے لیے روس اور یوکرین کے ساتھ مذاکرات شروع کر دیے ہیں۔ تاس کے مطابق آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی نے جمعہ کو کہا کہ پلانٹ کو ایک بار پھر بیرونی بجلی کی فراہمی منقطع ہونے کا سامنا ہے، جس کے باعث جوہری تنصیب کی بجلی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ہنگامی ڈیزل جنریٹرز استعمال کیے جا رہے ہیں۔
رافیل گروسی نے کہا کہ پلانٹ کا صرف ایک بیرونی بجلی کی لائن پر انحصار اور فعال جنگی محاذ کے قریب واقع ہونا بجلی کی فراہمی کے نظام کو انتہائی غیر محفوظ بنا رہا ہے۔انہوں نے روس اور یوکرین دونوں پر زور دیا کہ وہ آئی اے ای اے کے ساتھ تعمیری تعاون کریں اور بجلی کے بنیادی ڈھانچے کے خلاف فوجی سرگرمیاں روکنے کے لیے اقدامات کریں۔گروسی نے خاص طور پر فیروسپلاونایا-1 بجلی کی لائن کی مرمت میں سہولت فراہم کرنے اور زاپوریژیا جوہری پاور پلانٹ سے بیرونی بجلی کا رابطہ دوبارہ بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



