اسلام آباد۔27نومبر (اے پی پی):بین الاقوامی میڈیا نے چین کے شینزو-24 انسان بردار خلائی مشن کو نمایاں اہمیت دیتے ہوئے اسے بین الاقوامی خلائی تعاون کے فروغ میں اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔ رائٹرزکے مطابق چین نے کھلے پن، باہمی مفاد اور مشترکہ ترقی کے اصولوں کے تحت خلا کے پُرامن استعمال کے لیے عالمی برادری کے ساتھ تعاون جاری رکھا ہے، جس سے بین الاقوامی خلائی تعاون کے نئے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔ رائٹرز نے چین پاکستان خلائی تعاون کی تاریخ اور مستقبل کے امکانات کا جائزہ لیتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کے حوالے سے کہا کہ انہیں امید ہے کہ یہ مشن پاک چین خلائی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے ایک نئے نقطۂ آغاز کا باعث بنے گا۔برطانوی اخبار دی گارڈین نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ چین پہلے ہی تھیانگونگ خلائی اسٹیشن کو بین الاقوامی تعاون کا مرکز بنانے کے عزم کا اظہار کر چکا ہے۔
اخبار کے مطابق چائنا مینڈ اسپیس انجینئرنگ آفس نے اس سے قبل اقوام متحدہ کے ساتھ مشترکہ دستاویز بھی جاری کی تھی، جس میں بین الاقوامی تعاون کے لیے خلائی اسٹیشن کے سائنسی وسائل اور سہولیات کی تفصیلات فراہم کی گئی تھیں۔جنوبی کوریا کے اخبار سیئول سیمون نے شینزو-24 انسان بردار خلائی مشن کو بین الاقوامی خلائی تعاون میں ایک نئے باب کا آغاز قرار دیا۔عالمی میڈیا کی ان رپورٹس سے چین کے بین الاقوامی خلائی تعاون کے وژن اور پاکستان سمیت دیگر ممالک کے ساتھ سائنسی و تکنیکی اشتراک کے بڑھتے ہوئے امکانات اجاگر ہوتے ہیں۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



