اسلام آباد۔27نومبر (اے پی پی):پاکستان کے پہلے خلا باز ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کے تاریخی خلائی سفر پر ملک بھر میں خوشی اور فخر کا اظہار کیا جا رہا ہے، مختلف تعلیمی اداروں میں ذیشان علی کی خلاء میں روانگی کی ویڈیوز دکھائی گئیں جبکہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے پاکستان کی اس اہم خلائی پیش رفت کو سراہتے ہوئے ذیشان علی کو تاریخی مشن پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ شہریوں نے تاریخی خلائی مشن کی کامیابی پر پاکستان اور چین کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار سبز ہلالی پرچم خلاء کی وسعتوں میں بلند ہوگا اور ستاروں میں اپنا نام رقم کرے گا۔
انہوں نے ذیشان علی کی کامیاب روانگی اور بحفاظت واپسی کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پورے عملے کو اپنی حفظ و امان میں رکھے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ شنزو 24 کے ذریعے خلاء میں جانے والے پہلے پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کے لیے 25 کروڑ پاکستانیوں کی دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔ آج پاکستان کے لیے ایک تاریخی دن ہے، ملک کے نوجوان کا خلاء میں جانا پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے پاک چین دوستی زندہ باد کے نعرے کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو بھی سراہا۔
شہریوں نے کہا کہ ذیشان علی کا خلائی سفر نوجوان نسل کے لیے خوشی اور تحریک کا باعث ہے، یہ فخر کی بات ہے کہ ہمارے درمیان سے ایک نوجوان خلاء میں پہنچا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ بھی محنت اور لگن سے آگے بڑھیں اور مختلف شعبوں میں ملک کا نام روشن کریں۔ پنجاب سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے بھی ونگ کمانڈر ذیشان علی کی جانب سے خلائی مشن میں پاکستان کی نمائندگی پر خوشی اور فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پوری قوم کے لیے باعثِ مسرت ہے اور اس اہم کامیابی پر اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



