لاہور۔27نومبر (اے پی پی):پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے 14ویں سائوتھ ایشیئن گیمز 2027 کی نئی تاریخوں کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جس کے مطابق خطے کے سب سے بڑے کھیلوں کے مقابلے پاکستان میں 18 سے 27 ستمبر 2027 تک منعقد ہوں گے، ایونٹس کی نئی تاریخوں پر جنوبی ایشیاء کے تمام شریک ممالک کی نیشنل اولمپک کمیٹیوں (این او سیز) نے اتفاق رائے کیا ہے۔
پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سائوتھ ایشیئن گیمز کی تاریخوں میں تبدیلی کا فیصلہ مشاورت اور تمام شریک ممالک کی باضابطہ منظوری کے بعد کیا گیا ہے،اس فیصلے کا بنیادی مقصد کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے ساتھ انہیں دونوں بڑے بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں میں شرکت کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ 14ویں سائوتھ ایشیئن گیمز کی نئی تاریخیں 6ویں ایشین انڈور اینڈ مارشل آرٹس گیمز کے شیڈول میں تبدیلی کے تناظر میں مقرر کی گئی ہیں، تاکہ جنوبی ایشیائی ممالک کے کھلاڑی کسی بھی بڑے ایونٹ میں شرکت سے محروم نہ رہیں اور انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے مناسب مواقع میسر آسکیں۔اعلامیے میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے جنوبی ایشیاء کے تمام برادر ممالک کی اولمپک کمیٹیوں کے تعاون، مثبت رویے اور حمایت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ستمبر 2027 میں شریک ممالک کے کھلاڑیوں، آفیشلز اور کھیلوں کے وفود کی میزبانی کے لیے پرعزم ہے۔
واضح رہے کہ 14ویں سائوتھ ایشیئن گیمز کا انعقاد پاکستان کے لیے ایک اہم علاقائی کھیلوں کا ایونٹ ہوگا، جس میں جنوبی ایشیاء کے مختلف ممالک کے کھلاڑی مختلف کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری محمد خالد محمود کی جانب سے جاری اعلامیے میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہے کہ پاکستان ستمبر 2027 میں جنوبی ایشیاء کے کھیلوں کے وفود کا خیرمقدم اور ان کھیلوں کے کامیاب انعقاد کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



