اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل (پی اے آر سی) نے ملک میں تیل دار اجناس کی اہم فصل مونگ پھلی کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے اور کاشت کے عمل کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے جدید پریسیژن پلانٹر متعارف کرا دیا۔اس سلسلے میں نیشنل ایگریکلچرل ریسرچ سینٹر (این اے آر سی) کے تحت ایگریکلچرل انجینئرنگ انسٹی ٹیوٹ نے 20 نومبر کو مونگ پھلی کی کاشت میں مشینری کے استعمال سے متعلق سیمینار کا انعقاد کیا جہاں پی اے آر سی کے ڈائریکٹر جنرل ایگریکلچرل انجینئرنگ ڈویژن ڈاکٹر نعمان لطیف سدوزئی نے مشین کا افتتاح کیا۔ تقریب میں این اے آر سی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد منصور، پی اے آر سی اور این اے آر سی کے سینئر حکام، سائنسدانوں، زرعی مشینری تیار کرنے والے اداروں اور کاشتکاروں نے شرکت کی۔
پاکستان میں مونگ پھلی تقریباً ایک لاکھ 43 ہزار 805 ہیکٹر رقبے پر کاشت کی جاتی ہےجس سے سالانہ تقریباً ایک لاکھ 29 ہزار 704 ٹن پیداوار حاصل ہوتی ہے۔ پوٹھوہار اس فصل کا بنیادی پیداواری خطہ ہے، جبکہ میانوالی، سرگودھا،بہاولپور اور خیبر پختونخوا کے بعض علاقوں میں بھی اس کی کاشت فروغ پا رہی ہے۔ تاہم ملک میں پیداوار مقامی طلب پوری کرنے کے لیے ناکافی ہے اور اس کمی کو زیادہ تر چین سے درآمدات کے ذریعے پورا کیا جاتا ہے۔ملک میں مونگ پھلی کی اوسط پیداوار تقریباً 901 کلوگرام فی ہیکٹر (9 من فی ایکڑ) ہے، جبکہ بہتر اقسام کے استعمال سے یہ پیداوار 2 ہزار کلوگرام فی ہیکٹر (20 من فی ایکڑ) تک پہنچائی جا سکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق کاشت، برداشت اور پراسیسنگ کے مراحل میں جدید مشینری کی کمی پیداوار میں اضافے کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔
روایتی طریقہ کاشت کے ذریعے پودوں کے درمیان تجویز کردہ 4 سے 6 انچ فاصلہ اور فی ایکڑ تقریباً 85 ہزار پودوں کی مطلوبہ تعداد برقرار رکھنا مشکل ہوتا ہے۔پی اے آر سی اس سے قبل مونگ پھلی کی برداشت کے لیے ڈگر بلیڈ، تھریشر، شیلر اور ڈگر اِنورٹر متعارف کرا چکا ہے، جنہیں کاشتکار وسیع پیمانے پر استعمال کر رہے ہیں۔ نئے پریسیژن پلانٹر کی تیاری سے فصل کی بوائی کے مرحلے میں بھی مشینری کے استعمال کو فروغ ملے گا۔یہ مشین ایگریکلچرل انجینئرنگ انسٹی ٹیوٹ نے اے ایل پی کے مالی تعاون سے جاری منصوبے ’’ڈیزائن اینڈ ڈیولپمنٹ آف گراؤنڈنٹ پریسیژن پلانٹر‘‘ کے تحت تیار کی ہے۔ اس کا چکوال، اٹک، تلہ گنگ اور پوٹھوہار کے دیگر علاقوں میں کاشتکاروں کے کھیتوں میں تجرباتی استعمال کیا جا چکا ہے۔
مشین کی تیاری سے متعلق دو پیٹنٹ درخواستیں بھی انٹلیکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن آف پاکستان میں جمع کرائی گئی ہیں، جن میں پلانٹر کے لیے بیجوں کی درست مقدار اور شرح کو کنٹرول کرنے کا نظام اور مونگ پھلی کا پریسیژن پلانٹر شامل ہیں۔منصوبے کے انچارج انجینئر مزمل حسین نے شرکاء کو مشین کے ڈیزائن اور کھیتوں میں اس کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔تقریب میں چار زرعی مشینری تیار کرنے والے اداروں سائم انجینئرنگ، حاجی عبدالرحمان اینڈ سنز کامرہ، احمد دین زرعی انجینئرنگ اور ملک انجینئرنگ راولپنڈی نے شرکت کی۔
کمپنیوں کے نمائندوں نے مونگ پھلی کی کاشت والے علاقوں میں اس مشین کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس کی کارکردگی کو سراہا۔تقریب کے دوران پی اے آر سی نے پلانٹر کی تجارتی بنیادوں پر تیاری کے لیے سائم انجینئرنگ اور حاجی عبدالرحمان اینڈ سنز کے ساتھ دو مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی کیے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



