اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):لوک میلہ 2026 خصوصی بلوچستان پویلین قائم کیا گیا ہے جہاں صوبے کے ثقافتی ورثے، روایتی فنون، دستکاری اور علاقائی رسم و رواج کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔بلوچستان پویلین ڈائریکٹوریٹ آف کلچر، حکومت بلوچستان کی جانب سے قائم کیا گیا ہے، جس کا مقصد صوبے کے تاریخی اور ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانے، فروغ دینے اور قومی سطح پر متعارف کرانا ہے۔یہ اقدام وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے ثقافتی ورثے کے تحفظ اور صوبے کی متنوع ثقافت کے بارے میں آگاہی بڑھانے کے وژن کے تحت کیا گیا ہے۔ثقافتی نمائش صوبائی وزیر ثقافت، سیاحت و آرکائیوز نوابزادہ میر زرین خان مگسی اور سیکرٹری ثقافت، سیاحت و آرکائیوز حامد اللہ ناصر کی رہنمائی میں منعقد کی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد بلوچستان کی ثقافتی شناخت کو فروغ دینے کے ساتھ مقامی ہنرمندوں اور دستکاروں کو اپنی تخلیقات پیش کرنے کے لیے قومی پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔بلوچستان پویلین میں آنے والے شہری روایتی دستکاری، لوک فنون، ثقافتی اشیا اور ہنرمندوں کی تیار کردہ مصنوعات کامشاہدہ کر سکتے ہیں جو صوبے کی منفرد روایات اور فنکارانہ ورثے کی عکاسی کرتی ہیں۔افتتاحی تقریب کے دوران معروف بلوچ ہنرمند سکینہ بی بی کو روایتی شال پیش کرکے دستکاری کے شعبے میں ان کی خدمات کے اعتراف میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔اس اقدام کو مقامی ثقافتی روایات کے تحفظ اور فروغ میں خواتین ہنرمندوں کے کردار کا اعتراف قرار دیا گیا۔لوک میلے میں بلوچستان کی شرکت سے بین الصوبائی ثقافتی روابط کو مضبوط بنانے، مقامی ہنرمندوں کی حوصلہ افزائی اور قومی سطح پر صوبے کی ثقافتی شناخت کو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



