کوئٹہ۔ 28 نومبر (اے پی پی):جامعہ تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کی جانب سے یونیورسٹی کے حالیہ اہم دورے اور طلبہ و یونیورسٹی کے لئے متعدد اہم تعلیمی اعلانات پر حکومت بلوچستان اور بالخصوص وزیراعلی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔ وائس چانسلر نے وزیراعلی کے ہمراہ یونیورسٹی آمد اور یونیورسٹی کی ترقی میں خصوصی دلچسپی لینے پر صوبائی وزراء میر ظہور احمد بلیدی، میر ضیاء اللہ لانگو، میرشعیب نوشیروانی، سلیم کھوسہ، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر، آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر، کمشنر مکران ڈاکٹر طفیل احمد، ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی، ایس پی کیچ کیپٹن زوہیب محسن، ایس پی تمپ محمد عارف بلوچ اور دیگر صوبائی و ضلعی اعلی حکام کا بھی تہہ دل سےشکریہ ادا کیا ہے۔
اپنے پیغام میں وائس چانسلر نے امید ظاہر کی ہے کہ اس اہم دورے کے جامعہ تربت کی تعلیمی پیشرفت پر دور رس اور مثبت نتائج برآمد ہوں گے، جبکہ وزیراعلی کی جانب سےکیے گئے اعلانات اور یونیورسٹی کیجانب سے پیش کردہ گزارشات پر عملدرآمد سے خطے میں تعلیمی و تحقیقی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ ترجمان جامعہ تربت کے مطابق وائس چانسلر نےوزیراعلی بلوچستان کے اقدامات کو تعلیم دوستی کا منہ بولتا ثبوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ طلبہ کے ساتھ براہ راست فکری مکالمے نے ناصرف فیکلٹی اور طلبہ کا مورال بلند کیا ہے، بلکہ مکران کےنوجوانوں میں اعلی تعلیم، سائنسی تحقیق اور قومی دھارے میں شمولیت کا نیا جذبہ بیدار کیا ہے۔ترجمان جامعہ تربت کے بیان کے مطابق 26 نومبر 2026 کو وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے جامعہ تربت کی فیکلٹی آف لا کا دورہ کیا تھا، جہاں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن، پرو وائس چانسلر ڈاکٹرکمال احمد، فیکلٹی ممبران اور انتظامی افسران نے معزز مہمانوں کا پرجوش استقبال کیا۔
اس موقع پروزیراعلی بلوچستان نے جامعہ تربت ترقی اور طلبہ کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد اہم اعلانات کیے، جن میں آئندہ مالی سال کے بجٹ میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) لیب کے لیے درکار فنڈز کی فراہمی، جدید سائنسی تحقیق کےلیےمالیکیولر لیب کا قیام، طالبات کے لیے 50 اسکوٹیز، طلباء وطالبات کے لئے گرین و پنک بس سروس کا باقاعدہ آغاز، تقریب میں موجود تمام طلباء کے لیے سرکاری اخراجات پر مری و اسلام آباد کے مطالعاتی دورے اور شعبہ لا کی طالبات کو درپیش انٹرنشپ مسائل پر موقع پر ہی مالی معاونت و انٹرن شپ کی فراہمی کے احکامات سمیت دیگر تعلیمی سہولیات شامل ہیں۔ وائس چانسلر نے صوبے میں جامعات کی سالانہ گرانٹ کو ساڑھے دو ارب روپے سے بڑھا کر 10 ارب روپے کرنے پر وزیراعلی کو خراج تحسین پیش کیا اور اعلی تعلیم کوجدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اس گرانٹ میں اضافے کرنے کی درخواست کی۔
انہوں نے جامعات کے فنڈنگ فارمولے کی ازسرنو ترتیب اور نئی تعیناتیوں و پروموشن پر عائد پابندیوں کے خاتمے کی اپیل بھی کی تاکہ جامعہ تربت سمیت چھوٹی اور ابھرتی ہوئی جامعات کواپنے تعلیمی و تحقیقی معیار کو مزید بلند کرنے کا موقع مل سکے۔ اپنے پیغام میں پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یونیورسٹی انتظامیہ ان تمام اعلانات کو نتیجہ خیز بنانے اور صوبے میں تعلیمی ترقی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے صوبائی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



