اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے ملک کو درپیش مسائل کے حل اور قومی امور پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے سیاسی مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ہفتہ کونجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل اور مؤثر طرز حکمرانی کو یقینی بنانے کے لیے تمام سیاسی معاملات بات چیت کے ذریعے حل کیے جانے چاہئیں۔
وفاقی وزیر نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اہم قومی امور پر تمام متعلقہ فریقین کے درمیان جلد سیاسی اتفاق رائے پیدا ہو جائے گاجس کے نتیجے میں بہتر طرز حکمرانی، عوام کو سہولیات کی فراہمی اور زیادہ سے زیادہ ریلیف یقینی بنانے کے لیے مؤثر طریقہ کار وضع کیا جا سکے گا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کو چین کے تعاون سے خلائی مشن میں شرکت پر مبارکباد دیتے ہوئے اسے پاکستان کے خلائی عزائم اور سائنسی ترقی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔گندم کی درآمد سے متعلق سوال پر رانا تنویر حسین نے کہا کہ گندم کی درآمد کا فیصلہ مارکیٹ میں قیمتوں کو برقرار رکھنے اور اس کی مناسب فراہمی یقینی بنانے کے لیے کیا گیا تھا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



