اسلام آباد۔27نومبر (اے پی پی):پاکستان میں ٹیکنالوجی سروسز فراہم کرنے والے ادارے زونگ کو ڈیجیٹل اکانومی انہانسمنٹ پراجیکٹ کے تحت پاکستان کی قومی سپر ایپ کی تیاری اور فراہمی کا منصوبہ مل گیا ، منصوبے کے تحت وفاقی وزارتوں اور سرکاری اداروں کی 100 سے زائد خدمات ایک محفوظ اور متحد ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر دستیاب ہوں گی۔ جاری پریس ریلیز کے مطابق چائنا موبائل کی تکنیکی مہارت اور علی بابا کے اشتراک سے تیار ہونے والی قومی سپر ایپ زونگ کے مقامی انفراسٹرکچر اور پاکستان کے ڈیجیٹل نظام کے ساتھ منسلک ہوگی۔
شہری ایک ہی پلیٹ فارم کے ذریعے سرکاری خدمات تک رسائی، درخواستیں جمع، ادائیگیاں، درخواستوں کا جائزہ اور متعلقہ محکموں سے رابطہ کرسکیں گے جس سے دفتری پیچیدگیاں اور سرکاری دفاتر کے بار بار چکر کم ہوں گے۔ منصوبے میں نادرا کے ڈیجیٹل شناختی نظام سے رابطے، محفوظ پیغام رسانی، ڈیجیٹل ادائیگیوں، مصنوعی ذہانت اور جدید تجزیاتی سہولیات کو بھی شامل کیا جائے گا۔
پلیٹ فارم مختلف آلات اور علاقائی زبانوں میں چوبیس گھنٹے دستیاب ہوگا جس سے عوامی خدمات کو زیادہ آسان، شفاف اور قابل رسائی بنانے میں مدد ملے گی۔ زونگ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور کنٹری ہیڈ گورنمنٹ اینڈ کارپوریٹ سیلز فاروق رضا خان نے کہا کہ قومی سپر ایپ پاکستان کی ڈیجیٹل تبدیلی میں اہم پیشرفت ہے جس کے ذریعے محفوظ مواصلاتی نظام، ڈیجیٹل ادائیگیوں اور مصنوعی ذہانت پر مبنی سہولیات کو ایک مربوط پلیٹ فارم پر یکجا کیا جائے گا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



