کراچی۔ 24 نومبر (اے پی پی):انسپکٹر جنرل آف پولیس(آئی جی ) سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی )کے زیرِ اہتمام ایکسپو سینٹر کراچی میں جاری چار روزہ چوتھی انٹرنیشنل فوڈ اینڈ ایگریکلچر نمائش 2026 کا دورہ کیا۔نمائش کے مختلف سٹالز کا معائنہ کیا اور غذائی اجناس، زرعی مصنوعات، جدید زرعی ٹیکنالوجی اور فوڈ انڈسٹری کے مختلف شعبوں میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق آئی جی سندھ نے نمائش میں موجود پاکستان سمیت مختلف ممالک کے غیر ملکی مندوبین، بین الاقوامی خریداروں، سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات سے بھی ملاقات کی۔
اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی کراچی، چیف سی پی ایل سی، ڈی آئی جی ایسٹ، ایس ایس پی ایسٹ اور دیگر پولیس افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔پولیس حکام نے آئی جی سندھ کو چار روزہ نمائش کے لیے کیے گئے سکیورٹی انتظامات، پولیس نفری کی تعیناتی، داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی اور دیگر حفاظتی اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔آئی جی سندھ کو ٹی ڈیپ کے حکام نے نمائش اوردیگر انتظامات پر بریفنگ دی۔ آئی جی سندھ نے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ پولیس افسران کو ہدایت کی کہ نمائش میں شریک ملکی و غیر ملکی مندوبین، کاروباری شخصیات، سرمایہ کاروں اور شہریوں کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
انہوں نے کہاکہ سکیورٹی کے فول پروف انتظامات، موثر نگرانی اور پولیس کی مستعدی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔آئی جی سندھ نے نمائش میں شریک مختلف اداروں اور کاروباری نمائندوں سے بھی ملاقات کی اور ان کی جانب سے پیش کی جانے والی مصنوعات، زرعی اجناس اور جدید ٹیکنالوجی میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔اس موقع پر آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہاکہ زراعت اور غذائی صنعت ملکی معیشت کی ترقی میں کلیدی اہمیت رکھتی ہیں، ایسی بین الاقوامی نمائشیں پاکستان کی زرعی اور غذائی مصنوعات کو عالمی سطح پر متعارف کرانے، سرمایہ کاری کے فروغ، تجارتی روابط کے استحکام اور جدید ٹیکنالوجی کے تبادلے کے لیے اہم مواقع فراہم کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے زرعی شعبے اور فوڈ انڈسٹری میں بے پناہ استعداد موجود ہے، جسے جدید تحقیق، ٹیکنالوجی کے موثر استعمال اور بین الاقوامی تعاون کے ذریعے مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔آئی جی سندھ نے نمائش کے کامیاب انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے منتظمین کی کاوشوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ ایسی بین الاقوامی سرگرمیاں ملکی معیشت، تجارت اور صنعتی ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



