کراچی۔ 24 نومبر (اے پی پی):سندھ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (سیپا)نے آغا خان یونیورسٹی کے اشتراک سے کراچی کے ضلع کورنگی میں سات مختلف مقامات پر ایئر کوالٹی مانیٹرنگ سینسرز نصب کردیے ہیں۔منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق سیکرٹری ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی و ساحلی ترقی سندھ فیصل احمد عقیلی نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس پائلٹ منصوبے کا مقصد صنعتی اخراج، ٹریفک اور دیگر ذرائع سے فضائی آلودگی کی سطح کا تعین کرنا اورفضائی معیار سے متعلق مستند اعداد و شمار جمع کرنا اور صحت کے شعبے میں استعمال کیا جائیگا اورموثر ماحولیاتی حکمت عملی مرتب کرنا ہے۔
منصوبے کی کامیابی کے بعد اسے کراچی کے دیگر اضلاع اور سندھ کے مختلف علاقوں تک توسیع دی جائے گی۔ اسی حوالے سے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے ہیڈ آفس میں بھی ایئر کوالٹی مانیٹرنگ سینسر نصب کیا گیا جس کے بعد سیکریٹری محکمہ ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی و ساحلی ترقی سندھ فیصل احمد عقیلی نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صنعتکاروں سے فضائی آلودگی کی وجوہات، صنعتی سرگرمیوں کے ماحولیاتی اثرات، گاڑیوں کے دھوئیں اور شہری آبادی کی صحت کو درپیش خطرات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیکریٹری ماحولیات نے کہا کہ صاف ہوا ہر شہری کا بنیادی حق ہے، فضائی آلودگی محض ماحولیاتی مسئلہ نہیں بلکہ انسانی صحت، معیارِ زندگی اور عوامی فلاح سے براہ راست جڑا ہوا معاملہ ہے۔انہوں نے کہاکہ فضائی آلودگی کے باعث سانس کی بیماریوں، پھیپھڑوں کے مسائل اور دیگر طبی پیچیدگیوں کے خدشات بڑھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیپا کے پاس امریکی ماحولیاتی تحفظ کے ادارے سے منظور شدہ 2 ایئر کوالٹی مانیٹرنگ سسٹم موجود ہیں۔سیپا اور آغا خان یونیورسٹی کے تعائون سے نصب کیے جانے والے سینسرز کے ذریعے حاصل ہونے والے اعداد و شمار کو موجودہ مانیٹرنگ نظام کے ڈیٹا کے ساتھ ملا کر فضائی معیار کا مزید جامع تجزیہ کیا جاسکے گا۔منصوبے کے دوسرے مرحلے میں طبی ماہرین کو شامل کرکے فضائی آلودگی اور سانس و پھیپھڑوں کی بیماریوں کے درمیان تعلق کا طبی جائزہ لیا جائے گا۔
سیپا کی جانب سے جمع کیے جانے والے فضائی معیار کے اعداد و شمار کو بین الاقوامی سطح پر بھی تسلیم کیا جاتا ہے جو ادارے کی تکنیکی صلاحیت اور مانیٹرنگ کے نظام کی اہمیت کا ثبوت ہے۔ اجلاس میں صنعتکاروں نے ماحولیاتی قوانین پر عمل درآمد کے لیے تعائون کی یقین دہانی کرائی جس پر سیکریٹری ماحولیات نے کہا کہ صنعتی ترقی اور ماحولیاتی تحفظ ایک دوسرے کے مخالف نہیں بلکہ دونوں کو ساتھ لے کر چلنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



