اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):وفاقی وزارت تعلیم، وفاقی نظامت تعلیمات اور ادارہ تعلیم و آگہی کے اشتراک سے اسلام آباد میں منعقدہ 99واں پاکستان لرننگ فیسٹیول اختتام پذیر ہوگیا۔ دو روزہ فیسٹیول میں 9 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات، اساتذہ اور والدین نے شرکت کی جبکہ 119 ماہرین کی زیر نگرانی 128 تعلیمی اور تخلیقی سیشنز منعقد کئے گئے۔
اسلام آباد گرلز کالج ایف سکس ٹو میں ’’امن اور پائیدار ترقی کے لئے تعلیم‘‘ کے موضوع پر منعقدہ فیسٹیول میں بچوں اور نوجوانوں کو جدید علوم، تخلیقی صلاحیتوں اور عملی سرگرمیوں کے ذریعے سیکھنے کے مواقع فراہم کئے گئے۔فیسٹیول کے دوران کہانی نویسی، مصنوعی ذہانت، روبوٹکس، سائنس، پائیدار ترقی، بچیوں کی صحت و صفائی، خصوصی افراد کے حقوق، تھیٹر، موسیقی، کتابوں کی رونمائی اور فنون لطیفہ سے متعلق مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔ قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یوم پیدائش کی مناسبت سے انہیں خراج عقیدت بھی پیش کیا گیا۔ یونیسکو، سائٹ سیورز، ملالہ فنڈ، ایس او سی فلمز، بینک آف پنجاب، نیشنل بک فاؤنڈیشن، لاہور گرامر سکول اور جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی سمیت متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے فیسٹیول میں تعاون کیا۔
یونیسکو کی جانب سے تین خصوصی تعلیمی سیشنز منعقد کئے گئے جبکہ سائٹ سیورز نے بچوں کی بینائی کے مفت معائنے کی سہولت فراہم کی۔فیسٹیول میں شانگلہ سے تعلق رکھنے والی طالبات نے پائیدار ترقی کے حوالے سے خصوصی ماڈل پیش کیا جسے شرکاء نے سراہا۔ پاکستان میں یونیسکو کے نمائندے فواد پاشایف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام بچوں کو بلاامتیاز تعلیم کی فراہمی یونیسکو کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہے۔ دور دراز علاقوں میں بچیوں کی تعلیم کے فروغ کے لئے ریڈیو ایجوکیشن منصوبوں، ماڈل سکولوں اور نصاب سے ہم آہنگ ریڈیو اسباق کے ذریعے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اٹلی کے تعاون سے جاری ریڈیو ایجوکیشن منصوبے کا مقصد تعلیمی سہولیات سے محروم بچوں تک رسائی یقینی بنانا ہے تاکہ کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے۔ادارہ تعلیم و آگہی کی چیف ایگزیکٹو آفیسر بیلا رضا جمیل نے کہا کہ دو روز کے دوران 128 سیشنز کا کامیاب انعقاد تمام شراکت داروں اور معاون اداروں کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے اور مستقبل میں بھی اس تعاون کو جاری رکھا جائے گا۔
اختتامی تقریب میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بچوں، نوجوانوں اور ماہرین میں اسناد اور انعامات تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر فوزیہ سعید، سرور محی الدین، ڈاکٹر احتشام انور، وفاقی نظامت تعلیمات کی ڈائریکٹر کوالٹی ایشورنس اینڈ اکیڈمکس رفعت جبین اور نیشنل بک فاؤنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد کامران جہانگیر نے اسناد اور انعامات تقسیم کئے۔منتظمین نے فیسٹیول کے کامیاب انعقاد میں اسلام آباد گرلز کالج کی پرنسپل شازیہ شمیم رضوی اور کالج انتظامیہ کے تعاون کو بھی سراہا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



