اسلام آباد۔26نومبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کو کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے ٹیلی فون کیا اور دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور کویت کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور دونوں برادر ممالک کے درمیان قریبی اور دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق گفتگو کے دوران کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل سے متعلق امور بھی زیرِ بحث آئے۔
دونوں جانب سے حالیہ علاقائی پیش رفت اور خطے کے امن و سلامتی پر اس کے اثرات کے حوالے سے بھی خیالات کا تبادلہ کیا گیا۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ تنازعات کے حل اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد قابل عمل راستہ ہیں۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



