اسلام آباد۔27نومبر (اے پی پی):لوک ورثہ میلہ کے سلسلے میں جمعہ کی شام معروف قوال شاہد علی خان نے محفلِ قوالی میں سماں باندھ دیا۔قوالی نائٹ میں شائقینِ موسیقی کو پاکستان کی صوفیانہ موسیقی اور قوالی کی خوبصورت روایات سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملا۔لوک ورثہ اسلام آباد میں شام کو منعقد ہونے والی اس محفل میں شاہد علی خان نے اپنی پُراثر آواز، روح پرور کلام اور صوفیانہ اندازِ موسیقی کے ذریعے حاضرین کو محظوظ کیا۔
محفلِ قوالی کا مقصد پاکستان کے صوفیانہ موسیقی کے ورثے، روحانی روایات اور کلاسیکی فنون کو فروغ دینا اور نئی نسل کو ملک کی ثقافتی و موسیقی کی روایت سے روشناس کرانا ہے۔لوک ورثہ انتظامیہ نے شہریوں، موسیقی کے شائقین اور خاندانوں کو محفل میں شرکت کی دعوت دی تھی تاکہ وہ اس روح پرور ثقافتی سرگرمی سے لطف اندوز ہوسکیں۔حاضرین محفل نے قوالی نائٹ کو بے حد انجوائے کیا۔
لوک ورثہ میلہ 6 دسمبر تک جاری رہے گا، جس کے دوران روزانہ صبح 10 بجے سے رات 10 بجے تک مختلف ثقافتی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ رواں سال میلے کا موضوع ’’نقوشِ وطن: ہمارا ورثہ، ہمارا مستقبل‘‘ ہے، جس کا مقصد پاکستان کے ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنا اور اس کے تحفظ و فروغ کے لیے شعور بیدار کرنا ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



