اسلام آباد۔27نومبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مکہ اتحاد برائے دفاع کے لیے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کرتے ہوئے معاہدے کی شقوں کے مطابق سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے تینوں ممالک کے مضبوط اتحاد اور پختہ عزم کا خیرمقدم کیا اور اسٹریٹجک ،سیاسی و دفاعی کمیٹی کے دوسرے اجلاس کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے مملکت سعودی عرب اور جمہوریہ ترکیہ کے اعلیٰ سطحی وفود سے مکہ دفاعی اتحاد کے تحت اسٹریٹجک، سیاسی و دفاعی کمیٹی کے دوسرے اجلاس کے موقع پر جمعہ کو اسلام آباد میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق مملکت سعودی عرب کے اعلیٰ سطحی وفد میں سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود اور مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی شامل تھے۔ ترکیہ کے اعلیٰ سطحی وفد میں جمہوریہ ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان، وزیر قومی دفاع یاشار گولر اور چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلجوق بایراکتار اوغلو شامل تھے۔
وزیراعظم نے مکہ دفاعی اتحاد کے لیے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا اور معاہدے کی شقوں کے مطابق اپنی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے تینوں ممالک کے مضبوط اتحاد اور پختہ عزم کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی (ایس۔پی ڈی سی) کے دوسرے اجلاس کے نتائج پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے برادر اسلامی ملک مملکت سعودی عرب کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔
ملاقات کے دوران تینوں فریقین نے خطے کی تازہ ترین صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک شامل تھے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



