اسلام آباد۔26نومبر (اے پی پی):صدرمملکت آصف علی زرداری نے گلگت بلتستان کی ترقی، عوامی فلاح اور بنیادی سہولیات کی بہتری کے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے کے قدرتی وسائل کو بروئے کار لا کر معاشی ترقی کی نئی راہیں کھولی جا سکتی ہیں، گلگت بلتستان کے نوجوانوں کو ترقی کے عمل میں موثر شراکت دار بنانا ہوگا۔ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدرمملکت آصف علی زرداری سے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین آزر کی قیادت میں وفد نے ایوان صدر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان کی ترقی، عوامی فلاح اور بنیادی سہولیات کی بہتری کے اقدامات تیز کیے جائیں اور گلگت بلتستان میں انفراسٹرکچر کی بہتری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی سیاحت کو فروغ دے کر مقامی آبادی کے لیے روزگار کے مواقع بڑھائے جا سکتے ہیں، گلگت بلتستان کے نوجوانوں کو ترقی کے عمل میں مؤثر شراکت دار بنانا ہوگا۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ خطے کے قدرتی وسائل کو بروئے کار لا کر معاشی ترقی کی نئی راہیں کھولی جا سکتی ہیں، گلگت بلتستان کی ترقی قومی ترقی سے منسلک ہے۔ وفد میں سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی عمران ندیم، وزیر خزانہ محمد علی اختر ، وزیر صحت اقبال حسن ، وزیر جنگلات، جنگلی حیات، پارکس و ماحولیات راجہ ناصر علی خان، وزیر منصوبہ بندی و ترقی سید جلال علی شاہ ، وزیرمواصلات و تعمیرات محمد نسیم، وزیر سیاحت، کھیل، ثقافت و ورثہ نیک نام کریم، وزیربلدیات و دیہی ترقی ذوالفقار علی مراد، وزیر پانی و بجلی سید توقیر مہدی، وزیرخوراک اختر عباس نشاد، وزیر نارکوٹکس کنٹرول و ٹرانسپورٹ عطا الّلہ، ٹیکنوکریٹ رکن گلگت بلتستان اسمبلی محمد شریف اور خواتین ارکان اسمبلی سعدیہ دانش، کلثوم جہانگیر اور ثوبیہ جبین شامل تھیں۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



