ڈیرہ غازی خان ۔ 25 نومبر (اے پی پی):چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ کے انتقال سے بڑا سیاسی خلا پیدا ہوا ہے، وہ جنوبی پنجاب سمیت ملک کے بڑے سیاسی رہنما تھے،ہمیں نفرت کی سیاست کی بجائے محبت کو فروغ دینا ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز کھوسہ ہاؤس ڈیرہ غازی خان میں سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ یہاں سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ کے انتقال پر تعزیت کے لیے آئے ہیں، ان کے انتقال سے ملکی سیاست ایک اہم شخصیت سے محروم ہوگئی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم بلوچستان کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے مل کر محنت کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی بھی بلوچستان کے مسائل حل کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں، ہم سب کو مل کر محنت کرنا ہوگی تاکہ نفرت کی سیاست کا خاتمہ کیا جا سکے۔
قبل ازیں چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کھوسہ ہاوس پہنچے تو سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ مرحوم کے صاحبزادوں سردار سیف الدین خان کھوسہ،سردار دوست محمد خان کھوسہ اور خاندان کے دیگر افراد ان کا پرتپاک استقبال کیا۔اس موقع پرچیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، سردار امجد فاروق کھوسہ،سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود اور جنوبی پنجاب سے پاکستان پیپلزپارٹی کے دیگر رہنما ان کے ہمراہ تھے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



