اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر کی برآمدی استعداد سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے اسے ملکی معیشت کی ترقی اور نوجوانوں کے لیے روزگار کی فراہمی کا اہم ذریعہ بنانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں، آئی ٹی اور آئی ٹی سے منسلک خدمات کے شعبوں میں مزید ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری لانے کے لیے حکومت ترجیحی اقدامات کررہی ہے۔بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کی کارکردگی اور مختلف اہم منصوبوں پر پیش رفت اور جاری اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اس موقع پر وزیراعظم نے سپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی (ایس ٹی زی اے) کے تحت فعال تمام آئی ٹی پارکس کے تھرڈ پارٹی آڈٹ کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ سپیشل ٹیکنالوجی زونز کو ٹیکنالوجی اور آئی ٹی برآمدات کے فروغ کا مرکز بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔
وزیراعظم نے ایس ٹی زی اے میں ٹیکنالوجی کمپنیوں کے قیام کیلئے شقوں کے کسی بھی ممکنہ غلط استعمال کی روک تھام یقینی بنانے کےلئے قانون پر نظر ثانی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار اور قابل اعتماد کنیکٹیویٹی کو مزید بہتر بنایا جائے۔وزیراعظم نے پاکستانی نوجوانوں کو مختلف آئی ٹی مہارتوں کی تربیت دینے کے عمل میں تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح کی بہترین تکنیکی تربیت فراہم کرنے سے ہمارے نوجوانوں کو عالمی لیبر مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق روزگار کے مواقع میسر آ سکیں گے۔اجلاس میں ’علی بابا ‘کے اشتراک سے سٹریٹجک ٹرانسفارمیٹو فریم ورک پر عملدرآمد کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ’علی بابا‘ حکومت پاکستان کے لیے ایک جامع سپر ایپ (Super App) تیار کر رہا ہے جس کے ذریعے شہریوں کی سہولت کیلئے تمام سرکاری خدمات ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر دستیاب ہوں گی۔اجلاس میں سپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی (ایس ٹی زی اے) کی کارکردگی اور پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک بھر میں سات کلسٹرز کے تحت 32 ٹیکنالوجی زونز پر کام جاری ہے جن میں سے 21 فعال جبکہ 11 زیر تعمیر ہیں۔ ان ٹیکنالوجی زونز میں اب تک 100 ارب روپے کی سرمایہ کاری آ چکی ہے جبکہ مزید 105 ارب روپے کی سرمایہ کاری کے منصوبے زیر غور ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ تقریباً 300 ٹیکنالوجی کمپنیوں نے ان زونز میں اپنے دفاتر قائم کر لیے ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک میں فائیو جی سروسز کے اجراء پر پیش رفت تسلی بخش ہے اور ٹیلی کام کمپنیوں نے 86 شہروں میں نیٹ ورک کی اپ گریڈیشن مکمل کر لی ہے۔
اجلاس کو آئی ٹی و ٹیلی کام کے شعبے میں کارکردگی کا جائزہ بھی پیش کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ آئی ٹی برآمدات جون 2026ء تک 4.6 ارب ڈالر رہیں جبکہ جولائی تا ستمبر 2026ء کے دوران 1.24 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔ فری لانسرز کی برآمدات جون 2026ء تک 1.165 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ آئی ٹی کمپنیوں کی تعداد اور ڈیجیٹل سرکاری خدمات کے اجراء میں بھی پیش رفت ہوئی۔ انٹرنیٹ کی رفتار، فکسڈ براڈبینڈ اور موبائل انٹرنیٹ کے اہداف پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ فور جی کوریج اور سمارٹ فون رسائی میں بہتری آرہی ہے۔ تربیت اور روزگار کے شعبے میں ڈیجی سکلز پروگرام کے تحت جون 2026ء تک 9 لاکھ 31 ہزار سے زائد افراد تربیت مکمل کر چکے تھے۔ جولائی تا اکتوبر 2026ء کے اعداد و شمار کے مطابق تربیتی سرگرمیوں میں مزید پیش رفت جاری ہے تاکہ مقررہ اہداف حاصل کیے جا سکیں۔اجلاس میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، اعظم نذیر تارڑ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، چوہدری سالک حسین، مصطفیٰ کمال، وزیراعظم کے مشیر محمد علی، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



