پشاور۔ 25 نومبر (اے پی پی):خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی نےپشاور میں کارروائیاں کرتے ہوئے 2500 کلوگرام سے زائد ملاوٹی چائے کی پتی اور غیر معیاری مصالحہ جات ضبط کر لی۔تر جمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا اور گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر برائے خوراک، داخلہ و قبائلی امور اور ویمن ایمپاورمنٹ کفایت اللہ کی ہدایات پر خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ پشاور کے علاقے پانچ کٹھہ میں ی کارروائیاں کیں جس کے دوران 1200 کلوگرام سے زائد ملاوٹی چائے کی پتی برآمد کرکے ضبط کر لی۔
کارروائی کے دوران دوسری جگہ سے تقریباً 1300 کلوگرام ملاوٹی اور غیر معیاری مصالحہ جات بھی برآمد کرکے قبضے میں لے لیے گئے۔فوڈ اتھارٹی ترجمان نے تفصیلات جاری کردیں اور کہا کہ دونوں کارروائیوں میں برآمد ہونے والی اشیائے خورونوش کو ضبط کر لیا گیا ہے جبکہ ملوث عناصر کے خلاف خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر برائے خوراک کفایت اللہ نے کارروائیوں کو سراہتے ہوئے واضح کیا ہے کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ملاوٹ مافیا اور غیر معیاری خوراک کا کاروبار کرنے والے انسان دشمن عناصر کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی کو بھی عوام کی صحت سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



