اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ قرآن کریم مختلف ممالک، قوموں اور ثقافتوں کو ایک مشترکہ روحانی رشتے میں جوڑتا ہے، قرآن کا پیغام سرحدوں سے بالاتر ہے جبکہ اتحاد، باہمی احترام اور امن ہماری اصل طاقت ہیں، اسلام امن، رحمت اور انصاف کا دین ہے اور دنیا کو اسلام کے حقیقی پیغام امن سے روشناس کرانے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو دوسرے بین الاقوامی مقابلہ حسن قرات 2026 کے دوسرے روز خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ قرآن کریم انسانی جان کے تحفظ، انصاف، شفقت اور احترام کا درس دیتا ہے، نوجوان نسل کو قرآن کی تعلیمات سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ قرآن نوجوانوں میں صبر، نظم و ضبط، احترام اور ذمہ داری کا احساس پیدا کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ قرآن کریم کی حقیقی عکاسی صرف خوبصورت تلاوت میں نہیں بلکہ اس کی تعلیمات پر عملی طور پر عمل کرنے میں ہے، بین الاقوامی مقابلہ حسن قرات کا انعقاد قابل تحسین اقدام ہے جو مسلم دنیا کے ساتھ پاکستان کے مذہبی اور ثقافتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کا ذریعہ بنے گا۔
گورنر خیبرپختونخوا نے عالمی سطح پر قرآنی تعلیمات کے فروغ اور مسلم ممالک کے درمیان باہمی احترام و ہم آہنگی کے لیے ایسے پروگراموں کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا میں امن کا داعی ہے اور عالمی امن کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ بین الاقوامی مقابلہ حسن قرات پاکستان کے امن، رواداری اور ہم آہنگی کے پیغام کی بھی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے دوسرے بین الاقوامی مقابلہ حسن قرات کے انعقاد پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر سے ممتاز قراء کی پاکستان آمد اور اس عالمی مقابلے میں شرکت ایک قابل فخر موقع ہے، ایسے مقابلے اسلامی ثقافت، قرآنی تعلیمات اور بین الاقوامی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
دوسرے بین الاقوامی مقابلہ حسن قرات کے دوسرے روز مجموعی طور پر 19 قراء کرام نے اپنی خوبصورت آواز اور منفرد انداز میں قرآن کریم کی تلاوت پیش کی جس سے تقریب کا ماحول روحانی کیفیت سے معمور رہا۔ مختلف ممالک سے آئے قراء کی تلاوت نے حاضرین کو متاثر کیا جبکہ شرکا کے درمیان اعلیٰ معیار کا مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ تقریب میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا، جوائنٹ سیکرٹری شہباز مصطفی، وسیم ارشد سمیت وزارت کے دیگر افسران اور دیگر مہمان بھی موجود تھے۔دوسرے بین الاقوامی مقابلہ حسن قرات کا فائنل کل 26 نومبر بروز جمعرات کو ہوگا جس میں منتخب 8 قراء کرام دوبارہ تلاوت پیش کریں گے۔ فائنل مقابلے کے بعد فاتحین کا اعلان کیا جائے گا جبکہ تقریب تقسیم انعامات بھی کل ہی منعقد ہوگی۔ تین روزہ بین الاقوامی مقابلہ حسن قرات میں دنیا کے مختلف ممالک سے ممتاز قراء کی شرکت پاکستان میں قرآنی تعلیمات، اسلامی ثقافت اور عالمی مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کی ایک اہم کاوش قرار دی جا رہی ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



