اسلام آباد۔26نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ عدالتوں پر زیر التواء مقدمات کا بوجھ کم کرنے کے لیے تنازعات کے متبادل حل (اے ڈی آر) کو موثر اور ادارہ جاتی بنیادوں پر فروغ دینا ناگزیر ہے، ثالثی اور مصالحت کے ذریعے تنازعات کا حل طویل عدالتی کارروائیوں سے شہریوں کو ریلیف فراہم کر سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وزارت قانون و انصاف کے ادارے آئی ایم اے سی (IMAC) اور اسلامی تعاون تنظیم کے ادارے کامسٹیک کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں دونوں اداروں کے درمیان تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سے دو سال کے دوران آئی ایم اے سی سینکڑوں افراد کو ثالثی اور مصالحت کی تربیت فراہم کر چکا ہے جبکہ ادارہ متعدد بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ اور سند یافتہ ثالثوں اور ثالثی ماہرین کو بھی تربیت دے چکا ہے۔انہوں نے آئی ایم اے سی کی پراجیکٹ ڈائریکٹر عائشہ رسول اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارے نے مختصر عرصے میں پاکستان اور عالمی سطح پر نمایاں شناخت قائم کی ہے اور بین الاقوامی تربیتی پروگرامز کا انعقاد کیا ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ کامسٹیک کے ساتھ شراکت داری سے پاکستان کے بین الاقوامی ادارہ جاتی روابط اور اسلامی تعاون تنظیم کے ساتھ تعاون مزید مضبوط ہوگا۔اس موقع پر کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے وزارت قانون و انصاف اور آئی ایم اے سی کے ساتھ تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کامسٹیک کی سطح پر خواتین کی ترقی، تحقیق اور سائنسی استعداد کار بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ادارے مشترکہ تربیتی پروگرامز، سیمینارز، کانفرنسز اور سند یافتہ تربیتی سرگرمیوں کا انعقاد کریں گے جبکہ تحقیق، پالیسی سازی، تکنیکی مطالعات، اشاعتوں اور ماہرین کے تبادلے کے شعبوں میں بھی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



