اسلام آباد۔26نومبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں قیمتی پتھروں کی کان کنی، ویلیو ایڈیشن اور ان کی برآمدات کے حوالے سے وسیع استعداد موجود ہے، حکومت قیمتی پتھروں کے شعبے کی ترقی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اپنی زیر صدارت پاکستان میں قیمتی پتھروں کی ویلیو چین کی بہتری اور برآمدات میں اضافے کیلئے جائزہ اجلاس کے دوران کیا ۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ قیمتی پتھروں کی شناخت و سرٹیفیکشن کیلئے بین الاقوامی معیار کی لیبارٹریز کا قیام یقینی بنایا جائے، قیمتی پتھروں کی پراسیسنگ کیلئے پاکستانی ماسٹر ٹرینرز کو سری لنکا اور تھائی لینڈ تربیت کیلئے بھیجا جائے۔
وزیر اعظم نے سیکریٹری خارجہ کو سفراء کو اس حوالے سے متعلقہ ممالک میں مکمل تعاون فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اللہ رب العزت نے پاکستان کو قیمتی پتھروں کے ذخائر کی دولت سے مالا مال کیا ہے، کان کنی کے فرسودہ طریقہ کار سے بیش قیمتی دولت کا ضیاع ہو رہا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت نجی شعبے کو قیمتی پتھروں کی کان کنی اور پراسیسنگ کے حوالے سے سازگار ماحول فراہم کرے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ قیمتی پتھروں کی مکمل ویلیو چین کے قیام کی طرف مثبت پیش رفت خوش آئند ہے، وزیر اعظم کے معاون خصوصی توانائی لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد ظفر اقبال اور ان کی ٹیم، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، مشیر صنعت و پیداوار ہارون اختر اور متعلقہ حکام کی قیمتی پتھروں کے شعبے کی ترقی کیلئے سینٹرز آف ایکسلینس کے قیام اور اصلاحات میں معاونت قابل ستائش ہے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں قیمتی پتھروں کے وسیع ذخائر موجود ہیں جہاں تقریباً 300 ملین قیراط قیمتی پتھر کے ذخائر کی توقع ہے اور 9 ہزار سے زائد کان کن 30 سے زیادہ اقسام کے پتھروں کی کان کنی سے وابستہ ہیں۔ اس شعبے سے منسلک کاروباروں کی تعداد 5,500 سے زائد ہے تاہم خام پتھروں کی برآمد، کان کنی کے دوران 50 فیصد سے زائد ضیاع، جدید مہارتوں کی کمی اور ویلیو ایڈیشن کے محدود مواقع اس شعبے کی ترقی میں بڑی رکاوٹیں ہیں جن کو دور کرنے کیلئے جامع لائحہ عمل مرتب کرلیا گیا ہے۔ بریفنگ میں قیمتی پتھروں کے شعبے کی ترقی کے لیے جاری اقدامات اور آئندہ کے لائحہ عمل سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور اسلام آباد میں سہولت مراکز کے قیام کے لیے 4.10 ارب روپے کا منصوبہ، 80 بینکنگ سہولت ڈیسک، ارضیاتی نقشہ سازی، تربیتی مراکز کی بحالی اور بین الاقوامی تعاون کے اقدامات جاری ہیں جبکہ قومی پالیسی برائے قیمتی پتھر 2026-2030 پر عملدرآمد بھی شروع کیا جا چکا ہے۔
ان اصلاحات میں آزادانہ ریگولیٹری اور نیشنل وارنٹی نظام کا قیام، خام قیمتی پتھروں کی برآمد پر پابندی، مشینری کی درآمد پر ٹیکس و کسٹمز ڈیوٹی میں چھوٹ، جدید تربیت، مقامی منڈیوں کی ترقی اور نجی شعبے کی شراکت داری کے ذریعے کان کنی سے تیار مصنوعات تک ویلیو چین قائم کرنا شامل ہے۔اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، جام کمال خان، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، مشیر وزیر اعظم ہارون اختر، معاون خصوصی توانائی لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد ظفر اقبال اور متعلقہ اعلیJ حکام نے شرکت کی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



