اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):وزیرخزانہ کے مشیرخرم شہزادنے کہاہے کہ پاکستان میں معاشی استحکام کے بعد سرمایہ کاری کے فروغ، غیر ملکی سرمایہ کے بڑھتے ہوئے بہائو، کارپوریٹ منافع میں اضافے اور عالمی کمپنیوں کی آمد کے مثبت رجحانات سامنے آئے ہیں، مالی سال 2026-27 کے پہلے چار ماہ میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری سالانہ بنیادوں پر 22 فیصد اضافے سے 936 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہے ۔بدھ کوسماجی رابطہ کی ویب سائیٹ ایکس پرایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے رجحانات سے ملکی معیشت میں بہتری اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کی عکاسی ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی کے کامرز بینک، جے پی مورگن اور سٹینڈرڈ چارٹرڈ کے اشتراک سے 500 ملین ڈالر کی ایم آئی جی اے کی ضمانت یافتہ تجارتی مالیاتی سہولت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع میں نمایاں بہتری آ رہی ہے ،مالی سال 2026-27 کے پہلے چار ماہ میں حکومتی سکیورٹیز میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا مجموعی بہائو 748 ملین ڈالر جبکہ خالص سرمایہ کاری 275 ملین ڈالر رہی۔ طویل مدتی پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز میں خالص سرمایہ کاری 234 ملین ڈالر رہی جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں خالص اخراج ریکارڈ کیا گیا تھا۔خرم شہزاد کے مطابق مالی سال 2025-26 میں لسٹڈ کمپنیوں کے منافع میں 18 فیصد اضافہ ہوا جبکہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں یہ اضافہ 24 فیصد رہا۔
غیر ملکی ملکیت والی لسٹڈ کمپنیوں اور کثیر القومی کمپنیوں کے منافع میں بالترتیب 26 اور 36 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ مالی سال 2025-26 میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو منافع اور ڈیویڈنڈ کی مد میں 2.3 ارب ڈالر کی ادائیگیاں کی گئیں جو مالی سال 2022-23 کے مقابلے میں تقریبا سات گنا زیادہ ہیں۔ جولائی 2023ء سے اب تک مجموعی طور پر 7.9 ارب ڈالر منافع اور ڈیویڈنڈ کی مد میں بیرون ملک منتقل کیے گئے جس سے زرمبادلہ کی دستیابی اور منافع کی منتقلی میں آسانی کی عکاسی ہورہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عالمی کمپنیوں کی پاکستان میں آمد اور موجودہ سرمایہ کاروں کی جانب سے سرمایہ کاری میں توسیع بھی سرمایہ کاری کے ماحول میں بہتری کا اہم مظہر ہے۔ گوگل نے پاکستان میں اپنا دفتر کھولا، علی بابا نے ریگولیٹڈ فن ٹیک شعبے میں قدم رکھا جبکہ ترک کمپنی ٹی پی او نے شراکت داری کے ذریعے آف شور زلزلہ پیما سروے کا آغاز کیا۔ ویون نے پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری کے وعدے کو ایک ارب ڈالر سے بڑھا کر 2 ارب ڈالر کر دیا۔خرم شہزاد نے بتایا کہ فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی میں نصف ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے وعدے سامنے آئے جس میں ویون، چائنا موبائل اور اتصالات نے حصہ لیا۔ مالی سال 2025-26 میں 1,035 غیر ملکی سرمایہ کاری سے منسلک کمپنیوں کی رجسٹریشن ہوئی جبکہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں مزید 352 کمپنیوں نے رجسٹریشن کرائی۔انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں نجی شعبے کو فراہم کردہ قرضوں کا حجم 11.3 ٹریلین روپے تک پہنچ گیا جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 17 فیصد زیادہ ہے۔ بڑے پیمانے کی صنعتوں کی پیداوار میں مالی سال 2025-26 کے دوران 5 فیصد اضافہ ہوا جبکہ رواں مالی سال کے ابتدائی عرصے میں تقریبا 2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ سیمنٹ، کھاد، پٹرولیم مصنوعات، گاڑیوں اور موبائل فونز کی طلب میں بہتری بھی معاشی سرگرمیوں میں بحالی کی علامت ہے۔
خرم شہزاد نے کہا کہ مالی سال 2025-26 میں پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 11 ابتدائی عوامی پیشکشوں کے ذریعے سرمایہ اکٹھا کیا گیا جو 20 سال کی بلند ترین سطح ہے۔ رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں مزید پانچ آئی پی اوز کے ذریعے توسیعی منصوبوں کے لیے سرمایہ حاصل کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری میں بھی بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھ رہی ہے۔ فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے لیے 12، گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی کے لیے 11 اور اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے لیے 10 سرمایہ کاروں کو پری کوالیفائی کیا گیا ہے۔ ترکیہ، چین اور سعودی عرب کے سرمایہ کار ان عمل میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ ہوائی اڈوں کے معاملات میں بھی بین الاقوامی دلچسپی سامنے آ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ معدنیات اور قدرتی وسائل کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع بڑھ رہے ہیں۔ نومبر میں منعقدہ منرلز فورم کے دوران 13 معاہدے طے پائے جبکہ امریکا کی آئیون ہو اٹلانٹک، کینیڈا کی بیرک اور چین کی من میٹلز سمیت متعدد عالمی کمپنیوں نے پاکستان کے معدنی وسائل میں دلچسپی ظاہر کی۔خرم شہزاد کے مطابق مالی سال 2026-27 کے پہلے چار ماہ میں مجموعی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 8.3 فیصد اضافہ ہوا جس میں ویلیو ایڈڈ مصنوعات نے اہم کردار ادا کیا۔ مالی سال 2025-26 میں آئی ٹی برآمدات ریکارڈ 4.6 ارب ڈالر تک پہنچیں جبکہ رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں یہ 1.7 ارب ڈالر رہیں۔ فری لانسرز کی آمدن بھی 47 فیصد اضافے سے 760 ملین ڈالر تک پہنچ گئی جبکہ گزشتہ مالی سال میں ان کی مجموعی آمدن 1.76 ارب ڈالر رہی۔انہوں نے مزید بتایا کہ روشن ڈیجیٹل اکائونٹس کے ذریعے رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں 1.1 ارب ڈالر کی رقوم موصول ہوئیں جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 42 فیصد زیادہ ہیں۔ نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں سرمایہ کاری کا حجم 2.2 ارب ڈالر تک پہنچ گیا جس میں ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کی شرکت بھی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ تمام اعداد و شمار پاکستان میں سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے مواقع، عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد اور معاشی سرگرمیوں میں بہتری کی عکاسی کرتے ہیں۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



