کراچی۔ 24 نومبر (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے سکھ برادری کو بابا گرو نانک دیو جی کے 557ویں جنم دن پر دلی مبارکبادپیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بابا گرو نانک دیو جی نے دنیا کو اتحاد، محبت، بھائی چارے اور خدمتِ خلق کا درس دیا۔منگل کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق گورنر سندھ نے کہاکہ بابا گرو نانک کی تعلیمات پوری انسانیت کے لیے امن، رواداری، مساوات اور باہمی احترام کا پیغام ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں سکھ برادری کا کردار انتہائی قابلِ تحسین ہے، پاکستان میں تمام شہری برابر ہیں، ہر مذہب کے ماننے والوں کو عبادت اور تہوار منانے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں سکھ برادری سمیت تمام اقلیتوں کو مذہبی آزادی، عزت، احترام اور تحفظ حاصل ہے،گورنر ہائوس کے دروازے تمام مذاہب اور برادریوں کے لیے کھلے ہیں۔گورنر سندھ نے کہاکہ سکھ برادری کی فلاح و بہبود، مقدس مقامات کے تحفظ اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے تعاون جاری رکھیں گے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



