اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے توانائی (پاور ڈویژن)سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ پاکستان کےسفارتی روابط اور بڑی عالمی طاقتوں کے ساتھ بہتر تعلقات نے عالمی سطح پر پاکستان کے کردار پر بین الاقوامی اعتماد کو بڑھانے میں مدد دی ہے، عالمی اقتصادی استحکام کے لئے توانائی کی بلا تعطل فراہمی ضروری ہے، ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک،توانائی برآمد کرنے والے ہوں یا درآمد کرنے والے سب کے لئے توانائی کی بلا تعطل فراہمی ضروری ہے۔ ماسکو میں روسی بین الاقوامی نشریاتی ادارے آر ٹی کو خصوصی انٹرویو میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کئی دہائیوں سے خطے میں اہم کردار ادا کرنے کی پوزیشن میں رہا ہے تاہم گزشتہ ایک سال کے دوران ریاستی اداروں اور ملک کی سیاسی و عسکری قیادت کے درمیان بہتر رابطہ کاری کے باعث اس کا کردار مزید فعال ہوا ہے۔
انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو سیاسی قیادت اور سکیورٹی اداروں کے درمیان رابطہ کاری مضبوط بنانے کا سہرا دیتے ہوئے کہا کہ تمام ریاستی ادارے خارجہ پالیسی اور اقتصادی امور پر مل کر کام کر رہے ہیں۔اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان تنازعہ نے عالمی معیشت کو متاثر کیا ہے، غربت میں اضافہ کیا ہے اور ان ممالک کو بھی متاثر کیا ہے جو اقتصادی بحالی کی جانب گامزن تھے۔ پاکستان نے اس بحران کے حل میں اپنا کردار ادا کرنے کی کوشش کی ہے اور امریکہ، روس اور چین سمیت اہم عالمی طاقتوں کی جانب سے اس کی کاوشوں کو سراہا گیا ہے۔ تنازعہ کے جلد خاتمے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک، توانائی برآمد کرنے والے ہوں یا درآمد کرنے والے سب کے لئے توانائی کی بلا تعطل فراہمی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی اقتصادی استحکام کے لئے توانائی تک بلا رکاوٹ رسائی ناگزیر ہے اور دنیا مزید تاخیر کی متحمل نہیں ہو سکتی، بڑی طاقتوں خصوصاً روس، چین اور امریکہ کے درمیان روابط کا خیرمقدم کرتے ہیں اور امید ہے کہ ان کے نتیجے میں جلد مثبت پیشرفت ہوگی۔ پاکستان کو امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات میں سہولت کاری کے لئے مقام کے طور پر سامنے آنے کی وجوہات سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ دو سے تین سال کے دوران پاکستان کی سفارتی سرگرمیوں نے واشنگٹن اور تہران سمیت اہم عالمی ممالک کے ساتھ اعتماد کی بحالی میں مدد دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے حوالے سے ان عالمی تصورات پر قابو پایا ہے جنہیں وہ غیر منصفانہ قرار دیتے ہیں حالانکہ پاکستان خود دہشت گردی سے بری طرح متاثر رہا ہے۔ ان کے مطابق اب پاکستان کو قیام امن کے فروغ دینے والے ملک کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران ایران کے ساتھ پاکستان کے تعلقات بھی بہتر ہوئے ہیں جس کے باعث تہران پاکستان کو مذاکرات میں سہولت کاری کے لئے قابل اعتماد شراکت دار سمجھتا ہے۔ انہوں نے سفارتی کوششوں میں سعودی عرب، قطر، عمان اور دیگر علاقائی ممالک کے مثبت کردار کو بھی سراہا۔ پاکستان اور روس کے تعلقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ سیاسی تعلقات کو اقتصادی اور تجارتی تعاون کی اعلیٰ سطح تک لے جانے کی مضبوط خواہش موجود ہے، گزشتہ تین سال کے دوران بین الحکومتی کمیشن (آئی جی سی) کی سرگرمیوں میں تیزی آئی ہے اور توانائی، شمال-جنوب ٹرانسپورٹ کوریڈور اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کو آگے بڑھایا گیا ہے۔ انہوں نے توانائی کو دونوں ممالک کے باہمی تعاون کا ایک اہم ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک اپنے اقتصادی تعلقات کو نئی سطح پر لے جانے کے مواقع تلاش کر رہے ہیں۔ پاکستان کے توانائی کے مستقبل کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک مقامی توانائی کے وسائل کی جانب منتقل ہو رہا ہے اور گزشتہ چند برسوں کے دوران بالخصوص شمسی توانائی کے شعبے میں قابل تجدید توانائی کی جانب نمایاں پیشرفت ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا تقریباً 24 فیصد بجلی کا شعبہ درآمدی توانائی پر انحصار کرتا ہے جبکہ ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے الیکٹرک گاڑیوں اور نقل و حرکت کے متبادل ذرائع میں دلچسپی بڑھا دی ہے۔ صارفین کی جانب سے زیادہ کفایتی متبادل اختیار کرنے کے باعث الیکٹرک دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کا استعمال بڑھ رہا ہے۔اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ پاکستان میں پیدا ہونے والی بجلی کا تقریباً 56 فیصد حصہ پن بجلی، جوہری، ہوا اور شمسی توانائی سمیت صاف توانائی کے ذرائع سے حاصل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے برسوں میں پن بجلی کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ قابل اعتماد بیس لوڈ پاور پلانٹس کئی برسوں تک ضروری رہیں گے اور پاکستان کی توانائی ضروریات پوری کرنے میں روس ایک اہم شراکت دار بن سکتا ہے۔ انہوں نے جوہری توانائی کو صاف اور قابل اعتماد بیس لوڈ بجلی کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ ممکنہ تعاون پر رابطے میں ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ چین کے ساتھ پاکستان کا جوہری تعاون حفاظتی معیارات پر مبنی رہا ہے اور اس میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے۔ پاکستان اپنے سول جوہری توانائی پروگرام میں حفاظت اور سرمایہ کاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل کا انرجی مکس پن بجلی، شمسی، ہوا اور جوہری توانائی پر مشتمل ہوگا۔وفاقی وزیر نے توانائی اور معدنی وسائل تک منصفانہ اور بلا تعطل رسائی کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ ٹیکنالوجی اور وسائل کی فراہمی پر بعض پابندیوں پر انسانیت کے وسیع تر مفاد میں نظرثانی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے روس کو علاقائی توانائی امور میں استحکام کی ایک اہم قوت قرار دیتے ہوئے شمال-جنوب تجارتی اور توانائی راہداریوں کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔ امریکہ، روس اور چین کے درمیان عالمی سطح پر توانائی کی فراہمی میں سہولت کے لئے مجوزہ تعاون کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ دنیا بھر کی معیشتوں کے لئے امید کا باعث ہے۔
انہوں نے مستقبل میں سیاسی اور جغرافیائی سیاسی تبدیلیوں سے توانائی کی فراہمی کو متاثر ہونے سے بچانے کے لئے ایک مضبوط نظام وضع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ پاکستان سٹیل ملز کی بحالی کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ 1960 کی دہائی میں سوویت یونین کے تعاون سے قائم ہونے والی اس صنعت نے پاکستان کی صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے ناکافی سرمایہ کاری اور آپریشنل خامیوں کے باعث یہ صنعتی یونٹ زوال کا شکار ہوا جبکہ وزیراعظم اس کی بحالی کے خواہاں ہیں۔ اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ وزارت صنعت روس کی متعلقہ وزارت کے ساتھ قریبی رابطے میں کام کر رہی ہے اور بحالی کی تجویز ابتدائی مراحل سے گزر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کو تجارتی بنیادوں پر بزنس ٹو بزنس انتظام کے تحت تشکیل دیاجائے گا اور امید ظاہر کی کہ یہ دونوں ممالک کے مضبوط اقتصادی تعلقات کے ابتدائی عملی نتائج میں سے ایک ہوگا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان خوش قسمت ہے کہ اس کے چین اور امریکہ دونوں کے ساتھ مضبوط تزویراتی تعلقات ہیں اور روس کے ساتھ بھی اسی نوعیت کی شراکت داری کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام ممالک کے ساتھ مثبت تعلقات کا خواہاں ہے اور امید ہے کہ بھارت سمیت خطے کی دیگر طاقتیں علاقائی تعاون اور امن کے لئے تعمیری طرز عمل اختیار کریں گی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



