اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، پارلیمانی وفود کے باقاعدہ تبادلے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں قریبی دوطرفہ تعاون کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کریں گے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بدھ کو وزیراعظم ہاؤس میں بنگلہ دیش کی پارلیمنٹ کے اسپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم اور ان کے ہمراہ آئے ہوئے پارلیمانی وفد کے اعزاز میں عشائیے کی میزبانی کی۔
اس موقع پر اسپیکر اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔دونوں ممالک کے مشترکہ تاریخی پس منظر اور ثقافتی ہم آہنگی کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے ادارہ جاتی تعاون کو مزید فروغ دینے اور عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔وزیراعظم نے کہا کہ بنگلہ دیش کے پارلیمانی وفد کے پاکستان میں روابط اور ملاقاتیں پارلیمانی شعبے میں تعاون کے وسیع امکانات کی عکاس ہیں۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پارلیمانی وفود کے باقاعدہ تبادلے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں قریبی دوطرفہ تعاون کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کریں گے۔ بنگلہ دیش کی پارلیمنٹ کے اسپیکر کا یہ پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



